سی ٹی ڈی کے ذریعے طالبان اوردہشتگردوں کا خاتمہ کیا: حمزہ شہباز

Oct 04, 2018 | 21:47

ویب ڈیسک

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے ہم نے سی ٹی ڈی کے ذریعے طالبان اوردہشتگردوں کا خاتمہ کیا، ہم نے سیکیورٹی اداروں کیساتھ ملکر دہشتگردی کے خلاف کام کیا،سی ٹی ڈی ادارہ ہماری حکومت نے قائم کیا، آج پنجاب دہشت گردی کے حوالے سے سکھ کا سانس لے رہا ہے۔ ہم نے کارکردگی دکھائی ہے ہمارے کام آج بھی بول رہے ہیں ۔اپوزیشن کی ریکوزیشن پر بلائے گئے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ ہماری حکومت نے طالبان سمیت بدنام زمانہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی فرانزک لیب مسلم لیگ ن کے دورحکومت میں بنی۔کے پی والے بھی سیمپل ٹیسٹنگ کیلئے اسی لیب سے رجوع کرتے ہیں۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ نئی حکومت کوموقع دیا تاکہ جمہوریت کی گاڑی چلتی رہے۔ہم نے دل بڑا کرکے کہا کہ جمہوریت کی گاڑی کو چلنا چاہیے۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارتمام سیاسی جماعتیں دھاندلی کا شورمچارہی ہیں۔انتخابات سے متعلق سچ ایک دن قوم کے سامنے آکر رہے گا۔ حالیہ انتخابات میں دھاندلی جمہوریت کے سینے پر زخم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسد عمراپنے دعوے پورے کرکے200 ارب ڈالر واپس لیکرآئیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرخزانہ کہتے تھے کہ ن لیگ والے ان ڈائریکٹ ٹیکس لگاتے ہیں۔ آج70 ارب کے ان ڈائریکٹ ٹیکس لگائے گئے ہیں۔ 40 دن میں لوگوں کی چیخیں نکل گئیں ہیں۔183ارب کے نئے ٹیکس لگا دیے گئے ہیں۔ حکومت نے منی بجٹ نہیں بلکہ منی طوفان دیا ہے۔

مزیدخبریں