اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) پاکستان میں جرمنی کے سفیر برن ہاڈ شلاگ ہیگ نے کہا ہے کہ جرمنی کے اتحاد کے دن کی تقریب مناتے ہوئے اب تیس برس ہونے والے ہیں۔ دیوار برلن 1990 میں گری تھی، اس طرح اس واقعے کو رونما ہوئے 30 سال گزر چکے ہیں۔ جرمن سفیر گذشتہ سال اپنی اقامت گاہ کے سبزہ زار پر ایک استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے۔ جرمنی کے سفیر نے کہا کہ دیوار برلن گرنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی بھی لوگوں کی خواہشات ، ان کی منشا اور ان کے حقوق کو زیادہ دیر تک دبا نہیں سکتا۔ جرمن سفیر نے کہا کہ جرمنی کے اتحاد کو ممکن بنانے میں ہمارے دوستوں اور حلیفوں نے بڑی مدد کی، ہم ان ہمسایوں اور دوستوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جن کی مدد سے جرمن قوم کا اتحاد ممکن ہوا۔ جرمن سفیر نے کہا کہ جرمنی پاکستان کا ایک بڑا ترقیاتی پارٹنر ہے۔ میری کوشش ہو گی کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دی جائے۔ میرے پیش رو مارٹن کوبلر نے عوام تک رسائی اور پبلک ڈپلومیسی کے ذریعے مختلف طبقات کو اپنے قریب کر لیا تھا۔ میں کوشش کروں گا کہ ان رابطوں کو مزید مستحکم بنایا جائے۔ جرمن سفیر نے کہا کہ وہ پاکستان کی موجودہ حکومت کے ساتھ تعاون اور پارٹنر شپ کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش کریں گے۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر میری ٹائم علی زیدی تھے۔ استقبالیہ میں اطلاعات و نشریات کی خصوصی معاون فردوس عاشق اعوان، بڑی تعداد میں سفارتکاری، کاروباری شخصیات اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس استقبالیہ میں یورپ، جرمنی اور پاکستان کے ترانے پیش کئے گئے۔ راولپنڈی کے سینٹ میری سکول کے طلبا و طالبات نے یہ ترانے پیش کر کے شرکاء سے داد و تحسین وصول کی۔