اسلام آباد (جاوید صدیق ) پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر یائو ژنگ نے اس تاثر کی نفی کی ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک کے منصوبوں پر کسی قسم کی غلط فہمی پائی جاتی ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ یہ تاثر میڈیا کا پیدا کردہ ہے۔ سی پیک کے منصوبوں پر کام جاری ہے اور ان میں سست روی کا تاثر بھی صحیح نہیں ہے۔ گذشتہ شام جرمنی کے سفیر کی طرف سے جرمن یونٹی ڈے کے سلسلے میں دیئے گئے استقبالیہ میں نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے چینی سفیر نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کی تاریخوں کا وہ نہیں بتا سکتے، ابھی تک ان تاریخوں کا تعین نہیں ہوا، ان دنوں بیجنگ میں چھٹیاں ہیں۔ اس دورے کی تاریخیں ابھی طے نہیں ہوئیں۔ چینی سفیر نے کہا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں بڑے منصوبوں پر کام جاری تھا جن میں بجلی کے پلانٹس اور بڑی بڑی شاہراہیں شامل تھیں۔ اس لئے اس وقت یہ منصوبے نمایاں نظر آ رہے تھے لیکن اب سی پیک منصوبوں کی نوعیت بدل گئی ہے۔ اب زیادہ تر منصوبے سماجی شعبے کے ہیں۔ چینی سفیر سے پوچھا گیا کہ بعض حلقے یہ دعوے کرتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان بیجنگ کے دورہ میں چینی قیادت کو یقین دہانی کرائیں گے کہ پاکستان سی پیک کے منصوبوں سے وابستہ ہے اور اس سلسلے میں چین کی قیادت کو اعتماد میں لے، جس پر چینی سفیر نے کہا کہ چینی قیادت کو پاکستان کے ساتھ کوئی شکوہ نہیں ہے۔ دونوں سی پیک پر عملدرآمد کرنے میں سنجیدہ ہیں۔ چینی سفیر سے پوچھا گیا کہ کیا چین پاکستان کی سیاسی معاملات میں حمایت پر مطمئن ہے تو انھوں نے کہا کہ چین کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ مثال کے طور پر ہانگ کانگ کا چیلنج ہے جہاں مغرب نواز لوگوں کو اکسایا جا رہا ہے اور یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ چین میں ایک ملک دو نظام کا فلسفہ کام نہیں کر رہا۔ بعض گروپوں کو تشدد پر اکسایا جا رہا ہے تا کہ چین کو داخلی طور پر غیر مستحکم کیا جا سکے لیکن چین کے استحکام کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکے گا۔ چینی سفیر سے استفسار کیا گیا کہ کیا تائیوان بھی چین کیلئے مسئلے کھڑے کر سکتا ہے تو انھوں نے کہا کہ نہیں فی الحال تائیوان کا کوئی بڑا مسئلہ نہیں۔ انھوں نے بتایا کہ جزیرہ مکائو بھی چین کا حصہ ہے اور وہاں بھی کوئی ایشو نہیں ہے۔ سنکیانگ میں مسلمانوں کے ساتھ سلوک کے بارے میں منفی پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان دوستی بہت مضبوط اور مستحکم ہے، اس کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکے گا۔