چند لاکھ لوگوں کے روزگار کیلئے کروڑوں زندگیاں خطرے میں نہیں ڈالی جاسکتیں: ہائیکورٹ

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے پلاسٹک بیگز پر پابندی کی درخواست پر حکومت سے قانون کا مسودہ طلب کر لیا۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ عدالت نے قرار دیا کہ چند لاکھ لوگوں کے روزگار کی وجہ سے کروڑوں افراد کی زندگی کو خطرے میں نہیں ڈالا جاسکتا تاہم حکومت کو یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ پابندی سے متاثر افراد کا ازالہ کیسے کیا جائے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ اس حوالے سے قانون سازی کی جارہی ہے جس میں تمام پہلووں کو دیکھا جا رہا ہے۔ درخواست گزارنے عدالت کو بتایا کہ پلاسٹک بیگز کی وجہ سے لوگ یرقان، کینسر ودیگر بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ پلاسٹک سے بنے کپ اور سٹراز بھی انسانی صحت کے لیے خطرناک ہیں اس لیے عدالت اس پر پابندی کا حکم دے۔ عدالت نے کیس کی سماعت دس اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے چیف سیکرٹری سے قانون سازی کا مسودہ طلب کر لیا۔

ای پیپر دی نیشن