لاہور(کامرس رپورٹر )آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت پالیسیوں کی تشکیل میں صرف بڑی انڈسٹری اور ایکسپورٹرز پر توجہ مرکوز رکھتی ہے جبکہ چھوٹے تاجروں کو یکسر نظر انداز کیا جاتا ہے ،پہلے ہی یوٹیلٹی بلز میں ٹیکسز کی بھرمار ہے اور اب بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا گیا جو نا قابل قبول ہے۔ پاکستان کا تاجر طبقہ ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے لیکن اس کے باوجود اسے کسی طرح کی سہولیات اور مراعات حاصل نہیں۔ حکومت صرف بڑی انڈسٹری اور ایکسپورٹرز سے رابطے رکھتی ہے اور ان کیلئے پالیسیاں تشکیل پاتی ہیںجبکہ ٹیکسز کی مد میں خزانے میں اربوں روپے جمع کرانے کیساتھ لاکھوں افراد کو روزگا ر فراہم کرنے والے تاجروں کو یکسر نظر انداز کیا جاتا ہے۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ ٹیکسٹائل سمیت دیگر انڈسٹری کی طرح تاجروں کو بھی یوٹیلٹی بلز میں رعایت دی جائے اور بیرون ممالک منعقدہ نمائشوں میں شرکت کے مواقع فراہم کئے جائیں۔تاجرنا مساعد حالا ت کے باوجود معیشت کی مضبوطی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں اور آئندہ بھی اس سے دریغ نہیں کریں گے۔
حکومت تاجروں کو بھی یوٹیلٹی بلز میں رعایت دے :اشرف بھٹی
Oct 04, 2020