ریاض (این این آئی)سعودی عرب نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران کو عالمی معاہدوں اور جوہری معاہدوے کی خلاف ورزیوں سے باز رکھنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے،ایران کا افزودہ شدوہ یورینیم کی مقدار میں دس گنا اضافہ کرنا اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ ایران کا جوہری پروگرام پر امن نہیں بلکہ تہران جوہری ہتھیاروں کے حصول کیلئے یورینیم افزودہ کررہا ہے۔ ایران کا عالمی توانائی ایجنسی کی مقرر کردہ یورینیم افزودگی کی حدود کو پامال کرنا جوہری معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔جوہری ہتھیاروں کے انسداد بارے منعقدہ ورچوئل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے اجرا کا اصل مقصد عالمی امن وسلامتی کو یقینی بنانا اور امن کوتباہ کرنے والے اسباب کا تدارک کرنا تھا۔ آج ہم اس حوالے سے عالمی دن منا رہے ہیں۔ میں اقوام متحدہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ اس نے عالمی امن وسلامتی اور جوہری اسلحہ کے حصول کی روک تھام کے لیے ایک دن کا تعین کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دن سب کو ایٹمی ہتھیاروں کے انسانیت کے لیے خطرے اور انھیں پوری دنیا کو لاحق خطرے کے تناطر میں الاقوامی سطح پر عوامی شعور اجاگر کرنے کی اہمیت کی یاد دلاتا ہے۔ ہم اس موقع پر ان ہتھیاروں کے مکمل خاتمے کی ضرورت اور مشترکہ مقصد کے حصول کی طرف مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔