کراچی (نوائے وقت نیوز) ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سکھر منیر احمد کھوڑو کی ہدایت پر سرکل افسر سکھر عبد الغنی لاڑک کی سربراہی میں اینٹی کرپشن ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے گندم سمگلنگ میں ملوث دو فوڈ انسپکٹرز کو اسلام آباد سے گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق فوڈ انسپکٹرز عبد الحفیظ جویو اور فہیم اختر ڈھر کی سپریم کورٹ نے ضمانت کی درخواست مسترد کردی تھی ۔ مذکورہ گرفتار فوڈ انسپکٹرز کو 5 اکتوبر کو سکھر میں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ واضح رہے اینٹی کرپشن سکھر زون نے رواں سال چھ اگست کو کارروائی کرتے ہوئے گندم کی اسمگلنگ میں ملوث محکمہ خوراک، پولیس اور محکمہ ریونیو کے ملازمین کو کمبوہ شہید چوکی کے پاس سے گرفتار کیا تھا۔ صوبائی وزیر برائے انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے ایک بیان میں کہا ہے با اثر ملزموں کے خلاف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ کی کارروائیاں قابل ستائش ہیں۔ تاہم ضرورت اس امر کی ہے کرپشن میں ملوث افراد کو ان کے منطقی انجام تک بھی پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا گندم سمگلنگ گھناونا عمل ہے اور اس کی روک تھام وقت کی اشد ضرورت ہے۔