شیخ رشید زبردست ابن الوقت‘ آصف زرداری خالصتاً دیہاتی سیاستدان‘ جاوید ہاشمی کی کچھ تلخ یادیں

Oct 04, 2020

ملتان (سپیشل رپورٹر) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سینئر سیاستدان مخدوم جاویدہاشمی نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کے حوالے سے اپنی کچھ تلخ یادیں بھی دھرا دیں انہوں نے کہا کہ جب 97 ء میں مجھے وفاقی وزیر بنایا گیا تو شیخ رشید جو زبردست قسم کے ابن الوقت ہیں نواز شریف کے بہت قریب ہو گئے اس دوران انہوں نے نواز شریف کے کانوں کو میرے خلاف اتنا بھر دیا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ وفاقی وزیر کے اوپر چیکنگ کے لئے ایک اور وزیر بٹھا دیا گیا مجھے اس وقت یہ بات سخت ناگوار گزری اور میں وزارت چھوڑنے کا پکا ارادہ بھی کر چکا تھا مگر پھر یہ سوچ کر نہ چھوڑی کہ مجھ پر کرپشن کا الزام لگا دیا جائے گا میں نے سامنے بیٹھ کر کام کیا پھر جب 99 ء کا مشرف نے تختہ الٹا تو شیخ رشید ہی وہ پہلا شخص تھا جو میاں نواز شریف سے بھاگ کر ادھر چلا گیا ایک اور بات کو دہراتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جب پی پی پی کے رہنما آصف علی زرداری سے مذاکرات کی ٹیم بنی تو اس میں خواجہ آصف اور چوہدری نثار علی خان کو نامزد کیا گیا میں ہنسنے لگا کہ آصف زرداری خالصتاً دیہاتی سیاستدان ہے اس کی سیاست کو سمجھنے کے لئے پی ایچ ڈی کی ضرورت ہے یہ دونوں سیاستدان شہری ہیں انہیں تو وہ کھا پی کے ہضم کر جائے گا۔

مزیدخبریں