عمرہ ادائیگی آج سے شروع‘ روضہ رسولؐ یکم ربیع الاول سے کھول دیا جائیگا

Oct 04, 2020

اسلام آباد+ریاض ( سپیشل رپورٹ +نوائے وقت رپورٹ) کرونا وائرس کے باعث کئی ماہ سے بند عمرہ کی ادائیگی کا سلسلہ آج سے شروع ہوگا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے 7 ماہ بعد معتمرین کے لیے مسجد الحرام کے دروازے کھول دیئے ہیں جو آج سے طواف کر سکیں گے۔ پہلے مرحلے میں آج 4 اکتوبر سے 6 ہزار افراد عمرہ ادا کریں گے اور ان میں مملکت میں رہنے والے غیر ملکی و مقامی شہری شامل ہیں۔ رپورٹس کے مطابق زائرین کو ایک بار عمرہ کرنے کے بعد دوسرا عمرہ کرنے کے لیے لازمی طور پر 14 روز کا وقفہ لینا ہوگا تاکہ اس دوران کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ضروری اقدامات کے تحت دوسرے افراد کو عمرے کی ادائیگی کا موقع مل سکے۔ پہلے مرحلے میں زائرین 6 مختلف اوقات میں عمرہ ادا کریں گے اور ہر زائر کو اس کے لیے تین گھنٹے کا وقت دیا جائے گا۔ مغرب سے لے کر عشاء تک زائرین کو عمرہ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، ان اوقات میں صفائی اورسپرے کیا جائے گا جس کے بعد درمیانی شب سے دوبارہ عمرے کی ادائیگی کی اجازت ہوگی۔ زائرین کی تعداد کو بتدریج بڑھایا جائے گا اور دوسرے مرحلے میں 18 اکتوبر سے روزانہ 15 ہزار معتمرین کو اجازت دی جائے گی جبکہ مسجد میں 40 ہزار افراد نماز ادا کرسکیں گے۔ تیسرے مرحلے میں یکم نومبر سے بیرون ملک سے بھی زائرین کو عمرے کی اجازت ہوگی اور روزانہ 20 ہزار افراد عمرہ ادا کریں گے جب کہ مسجد الحرام میں 60 ہزار افراد کو نماز کی ادائیگی اور عبادت کی اجازت ہوگی۔ دریں اثناء سعودی حکومت نے روضہ رسولؐ کو یکم ربیع الاول سے زائرین کے لئے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ انتظامیہ حرمین شریفین کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 2 ہفتوں بعد یکم ربیع الاول کو زائرین مسجد نبویؐ میں نماز ادا کرنے کے ساتھ روضہ رسولؐ پر درود سلام بھی پیش کر سکیں گے۔ انتظامیہ کے مطابق مسجد نبویؐ میں نماز کی ادائیگی اور روضہ اطہرؐ کی زیارت کے لیے ’اعتمرنا‘ ایپ کے ذریعے اجازت لینا ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ زائرین حفاظتی تدابیر سمیت سماجی فاصلے اور ہدایات پر عمل کے پابندہوں گے اور روضہ اطہرؐ میں گنجائش کے مطابق 75 فیصد لوگوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔ دوسری جانب سعودی عرب میں کرونا وائرس کے باعث 7 ہفتوں بعد کل سے عمرہ کی ادائیگی کا بھی آغاز ہو رہا ہے۔ حرم شریف میں داخلے اور عمرہ کی ادائیگی کے لئے بھی ’اعتمرنا‘ ایپ کے ذریعے اجازت لینا ہوگی۔ سعودی عرب نے عمرہ ادا کرنے والوں کیلئے معلومات کی فراہمی کا ایک مربوط نظام متعارف کرایا ہے۔ اس نظام میں دس مختلف زبانوں میں عازمین عمرہ کیلئے معلومات کیساتھ زائرین کے سوالات کے جوابات دیئے جائیں گے۔ سعودی وزارت اسلامی امور کے انچارج وزیر شیخ ڈاکٹر عبداللہ الشیخ نے ہدایت جاری کی ہے دنیا کی دس زبانوں میں عمرہ کے عازمین کو ان کے سوالات کے جوابات ایک خودکار نظام کے ذریعہ فراہم کئے جائیں۔

مزیدخبریں