اسلام آباد/کراچی/ واشنگٹن (نمائندہ خصوصی‘ خصوصی نمائندہ + سٹاف رپورٹر + شنہوا) پاکستان میں ستمبر وسط سے کرونا کیسز کی تعداد میں کچھ حد تک اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ ملک میں ابھی تک 3 لاکھ 13 ہزار 984 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں، 2 لاکھ 98 ہزار 593 صحتیاب ہوگئے ہیں۔ 6 ہزار 507 کا انتقال ہوا ہے۔ 3 اکتوبر تک مزید 174 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور 6 مریضوں کا انتقال ہوا۔ بلوچستان کے گزشتہ روز کے 21 کیسز بھی آج رپورٹ ہوئے، جس کے بعد بلوچستان میں کیسز کی تعداد 15 ہزار 323 تک پہنچ گئی۔ صوبے پنجاب میں کرونا وائرس کے مزید 60 کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔ مجموعی اموات 2 ہزار 238 ہوگئیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس کے مزید 63 کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔ اموات کی مجموعی تعداد 183 تک پہنچ گئی۔ گلگت بلتستان میں مزید 8 کیسز کی تصدیق ہوئی۔ علاقے آزاد کشمیر میں یہ عالمی وبا مزید 40 افراد کو متاثر کرگئی جبکہ ایک فرد کا انتقال بھی ہوا۔ اموات کی مجموعی تعداد 76 تک پہنچ گئی۔ پاکستان میں 24 گھنٹوں میں مزید 538 افراد شفایاب ہوئے۔ مجموعی طور پر یہ تعداد 2 لاکھ 98 ہزار 593 ہوگئی۔ فعال کیسز 8884 ہو گئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے مزید 553 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعدکرونا کے فعال کیسز کی تعداد 8 ہزار 884 ہوگئی ہے۔ دوسری جانب ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر کراچی میں مزید 2 شادی ہالز اور 41 ریسٹورنٹس کو سیل کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ انتظامیہ کی جانب سے ضابطہ کار کی خلاف ورزی پر 7 دکانوں، فیکٹریوں اور میڈیکل سٹورز کو بھی سیل کیا جاچکا ہے جب کہ ایک لاکھ 30 ہزارروپے جرمانہ بھی عائد کیا جا چکا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں کرونا وائرس کی تشخیص حالت بگڑنے سانس لینے میں دشواری کے بعد انہیں واشنگٹن کے باہر واقع والٹر ریڈ ملٹری ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ کے کرونا نتائج اس وقت سامنے آئے جب صدر کی قریبی مشیر ہوپ ہکس میں جمعرات کو کرونا کی تشخیص ہوئی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ کووائٹ ہاؤس سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے واشنگٹن کے باہر واقع والٹر ریڈ ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا۔ خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ انہیں ہسپتال میں داخل کرایا جا رہا ہے لیکن ’مجھے لگتا ہے کہ میری طبیعت ٹھیک ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاتون اول بھی بہتر محسوس کر رہی ہیں۔ اس پیش رفت نے تین نومبر کو امریکی انتخابات پر سوالیہ نشان لگا دیئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 74 سالہ صدر ٹرمپ کو اس وائرس سے زیادہ خطرہ ہے کیونکہ ان کی عمر زیادہ ہے اور ان کا وزن بھی زیادہ سمجھا جاتا ہے۔ ٹرمپ کی صدارتی مہم کے منیجر بل اسٹیفن کا بھی کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا۔ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول کے کرونا کا شکار ہونے پر ان کی خیریت دریافت کی ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امید ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔ مہلک وبا سے دنیا بھر میں ہلاکتیں 10لاکھ 33 ہزار 235 ہو گئیں جبکہ مصدقہ کیسز کی تعداد3 کروڑ 48 لاکھ 31 ہزار 44 تک پہنچ گئی۔ بھارت کیسز کی مجموعی تعداد 64 لاکھ 73 ہزار سے بڑھ گئی۔ بھارت میں کرونا سے اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 875 ہو گئی۔ کرونا وائرس سے ایک لاکھ افراد کی ہلاکت کے بعد بھارت ہلاکتوں کے اعتبار سے بھی دنیا کا تیسرا بڑا ملک بن گیاة اس سے قبل صرف کورونا متاثرین کے حوالے سے تیسرا بڑا ملک تھا۔گزشتہ روز بھارت میں کرونا کے 79 ہزار 476 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد مجموعی تعداد 64 لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کرونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9918 نمونوں کی جانچ کی گئی جس کے نتیجے میں مزید 267 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے مزید 3 مریض انتقال کر گئے جس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 2520 ہو گئی ہے جو اموات کی شرح کا 1.8 فیصد ہے۔ 138050 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات سندھ قاضی نظیر احمد نے انکشاف کیا ہے کہ صوبے کی جیلوں میں کرونا وائرس کے صرف 6 ایکٹو کیسز ہیں۔ آئی جی جیل خانہ جات سندھ نے کہا کہ 6 ایکٹو کیسز میں سے 4 خیرپور،1 سکھر اور1 گھوٹکی کی جیل میں ہے۔ سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہاہے کہ اسکولوں کو بند کرنے کے حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں، ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر تعلیم سندھ نے کہاکہ شہریوں کو ایس او پیز پر ہر صورت عمل کرنا ہوگا، ابھی مائیکرو لاک ڈائون لگایا ہے۔ شہری اس نہج پر نہ پہنچائیں کہ مکمل لاک ڈائون کرنا پڑے۔جتوئی مظفر گڑھ میں 2 پرائمری کرونا کے باعث سیل نشتر میں مزید 2 مریضوں میں وائرس کی تصدیق۔ مظفر گڑھ سے نامہ نگار کے مطابق سرکاری سکولوں کی 2 خواتین اساتذہ میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ اساتذہ میں کرونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد دونوں سکولوں کو 10 دنوں کے لئے سیل کردیا گیا۔ امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ تقریب میں شریک مزید 9 افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آ گئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق سینیٹرز تھامس ٹیلاز‘ مائیک لی‘ سینیٹر اون جانسن‘ ری پبلکن پارٹی کی نیشنل کمیٹی کی چیئرپرسن رونامک ڈینئل بھی کرونا کے شکار ہو گئے۔ ایران کے دارالحکومت تہران میں کرونا کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا جس کے بعد دوبارہ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تہران میں تعلیمی ادارے‘ مساجد اور عوامی مقامات ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دارالحکومت تہران میں تھیٹرز‘ جم‘ سیلون‘ میوزیم اور کیفے بھی بند رہیں گے جبکہ ہر قسم کی سماجی تقاریب پر بھی پابندی ہو گئی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق تہران میں موجود لاکھ ڈاؤن 9 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ ماہرین کی جانب سے تہران میں کرونا کیسز میں 5 گنا اور اموات میں 3 فیصد اضافے کا خدشہ بیان کرنے کے بعد لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔ عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے والوں پر جرمانہ ہو گا۔ ایس او پی پر عمل نہ کرنے والے سرکاری ملازمین ایک سال کیلئے معطل ہوں گے۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا۔