لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں صرف ذاتی مفادات اور لوٹ مار کی دولت بچانے کیلئے اکٹھی ہوئی ہیں۔ اپوزیشن کی جانب سے ذاتی مفادات کو ترجیح دینا عوام کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔ ان جماعتوں کے پاس پاکستان کے عوام کی ترقی کا کوئی پروگرام نہیں اور عوام کے مسترد شدہ عناصر ایک دوسرے کے ساتھ مخلص نہیں۔ آج اکٹھی ہونے والی اپوزیشن جماعتیں بہت جلد ایک دوسرے سے الگ ہوجائیں گی۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں اور یہ عناصر ملک کو درست سمت پر چلتا دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ ماضی میں انہی جماعتوں نے اقتدار میں رہ کر معیشت کو تباہ کیا اور قوم کا پیسہ لوٹنے والے اب عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔ عوام باشعور ہیں اور نا اہل و کرپٹ چہروں سے اچھی طرح واقف ہیں۔ 22 کروڑ عوام اپوزیشن کے غیر جمہوری طرز عمل سے یکسر لاتعلق ہیں۔ عمران خان کی قیادت میں حکومت ملک کو سیاسی کثافتوں سے پاک کرے گی۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ کرونا کی دوسری لہر سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل بہت ضروری ہے۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ انسداد کرونا کیلئے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کریں۔ عثمان بزدار سے منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عباس بپی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ کہاکہ محروم معیشت طبقات کی فلاح ہمارا فرض ہے۔ کم وسائل یافتہ افراد کو ترقی کے دھارے میں لانے کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی ہے۔ پناہ گاہوں کے دائرہ کار کو وسیع کیا جا رہا ہے اور شہروں میں لنگر خانے بھی کھولے جا رہے ہیں۔