لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن نے شہباز شریف کی گرفتاری کیخلاف لاہور میں احتجاج اور جلسہ کیا اور عمران خان استعفیٰ دو کے نعرے لگائے۔ احتجاج میں سعد رفیق‘ ایاز صادق‘ رانا ثناء اللہ‘ عمران نذیر‘ عظمیٰ بخاری‘ رانا مشہود سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سعد رفیق نے کہا کہ ہم ملک میں قانون کی حکمرن چاہتے ہیں۔ پی ڈی ایم کی گیارہ جماعتیں کہتی ہیں عمران منتخب نہیں تم دوسروں کیلئے گو گو کے نعرے لگاتے تھے اب گو عمران گو رو عمران‘ کا نعرہ لگے گا۔ تم نے شہباز شریف کو گرفتار کر کے پنجابیوں کی عزت پر ہاتھ ڈالا ہے۔ ہمیں جیلوں میں ڈال کر حکمرانوں تمہیں کیا ملا۔ خورشید شاہ طویل عرصے سے جیل کاٹ رہے ہیں یہ کیسی جمہوریت اپوزیشن پر جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔ وزراء سارا دن جھوٹ بولتے ہیں۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کہتے ہیں مقدمات ختم کرنے کیلئے احتجاج کرتے ہیں۔ مقدمات تم آج سے نہیں بنا رہے۔ شہباز شریف نے امانت اور دیانت کے ساتھ پنجاب کی خدمت کی۔ ایاز صادق نے کہا کہ نواز شریف کے حکم پر استعفیٰ بھی دیں گے۔ ہم ان کی طرح استعفیٰ نہیں دیں گے۔ اسمبلی میں کھڑے ہوکر دیں گے۔ علاوہ ازیں ٹیمپل روڈ پر ریگل چوک پر مسلم لیگ ن کے جلسے کیلئے بنایا گیا سٹیج بیٹھ گیا۔ رانا مشہود احمد خان مسلم لیگ ن لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمران گورایہ نے مظاہرین سے خطاب میں کہا ہے کہ عمران خان کمزور نااہل اور سازش سے اقتدار میں آئے ملک کے حالات خراب سے خراب تر ہو رہے ہیں۔ حق و سچ کے راستے پر چلنے کی قیمت ادا کرنی پڑتی ہے۔ پہلے بھی قیمت ادا کی اب خوف دل سے نکل گیا ہے۔ اگرمزید گرفتاریاں کیں تو سیاہی حکومت کے چہرے پر ہی ملی جائیگی۔