ابو بچاوَ مہم اب پاکستان انتشار پارٹی کے طور پر ابھر رہی ہے:وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری

Oct 04, 2020 | 18:30

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ ابو بچاوَ مہم اب پاکستان انتشار پارٹی کے طور پر ابھر رہی ہے، یہ مہم بھی ابو بچاو مہم کی طرح ناکام ہو گی۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرپشن کے گرینڈ الائنس کی قیادت فضل الرحمان کے پاس ہے، بدقستمی ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو شدت پسند گروہ کا سہارا لینا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو مشورہ ہے کہ شادی ہالز میں جلسے کریں، نواز شریف لندن میں رہ کر عوام کے بچوں کو سڑکوں پر نکالنا چاہتے ہیں، اپوزیشن کو این آر او مل جائے تو یہ پرانی تنخواہ پر کام کرنے کو تیار ہیں۔فواد چودھری نے کہا کہ بینظیر شہید کی پارٹی کو مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں کام کرنا پڑ رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سراج الحق بھی خیبر پختون خوا سے ہیں اور ان کے گھر کی چھت ٹپکتی ہے، فضل الرحمان بھی وہیں سے ہیں اور شاہانہ زندگی گزار رہے ہیں، اچانک ایسا کیا ہوا کہ فضل الرحمان اربوں روپے مالک بن گئے۔

انہوں نے کہا کہ ڈان لیکس پر میاں صاحب نے پرویز رشید سے کہا کے استعفیٰ دے دو جس کے بعد وفاق نے پریس ریلیز جاری کرکے کہا کہ بہت غلط ہوا، یہ جن استعفوں کی بات کرتے ہیں ان پر انہوں نے اپنے لوگوں سے استعفے لیے ہیں۔فواد چودھری نے کہا کہ نوازشریف نے ہمیشہ ججز کو خریدا، ان کا اداروں سے جھگڑا یہ ہے کہ آپ ہمارے ساتھ کھڑے کیوں نہیں ہوتے۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تحریک کا ماڈل بڑا دلچسپ ہے، نواز شریف کا مطالبہ تھا کہ پاناما کی تحقیق میں ان کی کرپشن چھپانےمیں مدد کی جانی چاہیے، ڈھائی سال گزر گئے ن لیگ ایک حلقے میں بھی دھاندلی کا ثبوت کمیٹی میں نہیں لاسکی۔انہوں نے کہا کہ یہ کیسز ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے ایک دوسرے پر بنائے ہوئے ہیں، ن لیگ کے لوگ ہمت کر کے نوازشریف کے بیانیے کو چھوڑیں گے۔وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ نوازشریف اور مریم کے بیانیے پر 70 فیصد لیگی ن لیگ کے ساتھ نہیں کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک شروع ہونے سے پہلے ہی اختتام کو پہنچ گئی ہے۔

مزیدخبریں