اسلام آباد+ لندن (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کے نام پر 5 آف شور کمپنیاں ہیں۔ شریف خاندان کو اور کتنا پیسہ چاہئے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے بیٹے جنید صفدر کا نام پنڈورا پیپرز میں شامل ہونے کی تردید کردی ہے۔ ایک ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا کہ ہرجانے کا مقدمہ کروں گی۔ خبر یوکے ڈیسک نے نشر کی تو برطانیہ میں مقدمہ کروں گی۔ جنید صفدر کے خلاف جھوٹی خبر چلانے والا چینل معافی مانگے۔ چینل نے فوری معافی نہ مانگی تو ہرجانے کا مقدمہ کروں گی۔ علاوہ ازیں مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر نے کہا ہے کہ میری آف شور کمپنی ہونے کی خبر چلانے والے چینلز کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں گا۔ قانونی چارہ جوئی کے سلسلے میں اپنے وکیل کو ہدایت جاری کردی ہے۔ میرا صرف ایک بنک اکائونٹ ہے۔ مزید برآں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے جنید صفدر کی آف شور کمپنیوں کی خبر کو حکومت کی پھیلائی فیک نیوز قرار دیتے ہوئے جھوٹی خبر پر پی ٹی وی کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پیمرا فیک نیوز چلانے پر عمران خان، فواد چوہدری، پی ٹی وی اور فیک نیوز چلانے والے چینلز کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی کرے۔