جہلم‘ کھاریاں‘ سرائے عالمگیر‘ گجرات (نامہ نگاران) سرائے عالمگیر میں زمین کے تنازعہ پر ایک سوسائٹی کے گارڈز سے فائرنگ کے تبادلہ میں خاتون سمیت دو افراد قتل‘ 10 زخمی ہو گئے۔ مشتعل افراد نے سوسائٹی کے مین دفتر سمیت متعدد املاک میں توڑ پھوڑ کی اور آگ لگا دی۔ مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے نعش رکھ کر جی ٹی روڈ بند کر دیا‘ انصاف کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کر دیا گیا۔ سوسائٹی کے گارڈز سے زمین کے تنازعہ پر چواء راجگان گاؤں کے رہائشی خاندانوں سے جھگڑا شدت اختیار کر گیا تو دوطرفہ فائرنگ شروع ہو گئی۔ زخمیوں میں انور، عباس، اظہر اقبال، زاہد، شوکت علی، محمد پرویز و دیگر شامل ہیں۔ ایک عورت اور مرد سرور اور نسیم بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔ زخمیوں اور نعشوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی۔ ڈی پی او گجرات موقع پر پہنچے اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کی یقین دہائی کروائی۔ زخمیوں میں 2 سکیورٹی گارڈ بھی شامل ہیں۔ مزید ہلاکتیں بھی ہو سکتی ہیں۔