لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اور وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ طارق بشیر چیمہ سے حاجی محمد افضل دھرالہ چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل، فرحان شہزاد وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل اور میاں عبدالرحمن غفوریا ایڈووکیٹ نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ وکلاء برادری انصاف کی فراہمی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ جس کیلئے ہم نے ہمیشہ ان کو سپورٹ کیا ہے۔ وکلاء ہمارے معاشرے کا اہم جزو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار ہمارے دور میں تحصیل سطح تک بار ایسوی ایشنز کو اہمیت دی گئی اور وکلاء کی فلاح و بہبود کیلئے فنڈز مختص کئے گئے۔ وکلاء کیلئے فری میڈیکل کی سہولت، بائی پاس اور دل کا علاج بھی فری کرنے کا انتظام کیا گیا۔ ہاؤسنگ سوسائٹی جیسے منصوبے بھی شروع کئے گئے۔ حاجی افضل دھرالہ اور فرحان شہزاد نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کی وکلاء کیلئے خدمات اور ان کیلئے الگ منصوبے ایسے اقدامات ہیں جن کی وجہ سے وکلاء برادری ہمیشہ آپ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی۔