چیئر مین واپڈا کا دریائے سندھ پر زیر تعمیر دیامربھاشا ڈیم کا دورہ 

اسلام آباد(خبر نگار) چیئر مین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ)نے دریائے سندھ پر زیر تعمیر دیامربھاشا ڈیم کا دورہ کیا اورمنصوبے پر جاری پیش رفت کا جائزہ لیاکمانڈر 10 کور لیفٹیننٹ جنرل ساحرشمشادمرزا بھی اس دورے میں ان کے ہمراہ تھے جنرل منیجر (لینڈایکوزیشن اینڈ ری سٹیلمنٹ )واپڈا بریگیڈیئر (ریٹائرڈ)شعیب تقی، جنرل منیجر (دیا مربھاشا ڈیم پراجیکٹ)محمد یوسف راؤکے علاوہ کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے کمانڈر10 کور نے اپنے خطاب میں کہا کہ دیامربھاشا ڈیم قومی اہمیت کا منصوبہ ہے اور انہیں اس منصوبے پر تعمیراتی سرگرمیاں دیکھ کر خوشی ہورہی ہے۔ دیامربھاشا ڈیم کی تعمیر میں پاک فوج کی بھر پور معاونت کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج پراجیکٹ ایریا میں محفوظ اور سازگار ماحول مہیا کرنے کیلئے پر عزم ہے تاکہ منصوبے کہ تمام سائٹس پر تعمیراتی کام بلا تعطل جاری رہے اپنے دورے میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ پاکستان کی پائیدار ترقی کیلئے دیامربھاشا ڈیم اہم ترین منصوبوں میں سے ایک ہے۔ اس منصوبے کی بدولت زراعت کیلئے پانی دستیاب ہوگا، سیلاب سے بچاومیں مددملے گی اور سستی پن بجلی پیدا ہوگی۔ لہذا اس منصوبے کی شیڈول کے مطابق 29-2028 میں تکمیل کیلئے تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے ۔

ای پیپر دی نیشن