اسلام آباد (خبر نگار، آئی این پی) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 1 ہزار 656 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 35 افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 2 ہزار 52 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 3 اعشاریہ 26 فیصد ہو گئی۔ پاکستان بھر میں کرونا وائرس کے اب تک 27 ہزار 866 مریض انتقال کر چکے ہیں۔ ملک بھر میں 2 کروڑ 90 لاکھ 54 ہزار 821 افراد کی مکمل ویکسی نیشن ہوچکی۔ اتوار کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 3 ہزار 445 مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔ پاکستان میں ایکٹو کیسز کی تعداد 46 ہزار 503 ہے، مجموعی کیسز کی تعداد 12لاکھ 49ہزار 858ہو گئی جبکہ 11لاکھ 75ہزار 489افراد کرونا سے صحت یاب بھی ہوئے۔ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 4لاکھ 32ہزار 809، سندھ میں 4لاکھ 59ہزار 392، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 74ہزار 490، اسلام آباد میں ایک لاکھ 5ہزار 664 اور بلوچستان میں 32ہزار 959 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ آزاد کشمیر میں 34ہزار 216اور گلگت بلتستان میں 10ہزار 331افراد کرونا سے متاثر ہوئے۔ پاکستانی مسافر اپنے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے ساتھ برطانیہ کا سفر کر سکیں گے۔ پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نادرا کی جانب سے جاری ہونے والے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ اب برطانیہ میں قابل قبول ہوں گے۔ اس سے قبل برطانیہ اپنی منظور شدہ ویکسین کی فہرست سمیت پاکستان میں لگائی جانے والی ویکسین کو قبول نہیں کرتا تھا۔ کرسچن ٹرنر نے یہ بھی تسلیم کیا کہ پاکستان کا ریڈ لسٹ میں ہونا انتہائی مایوس کن تھا کیونکہ اس نے دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان رابطے کو روک دیا تھا جس کی وجہ سے ہر کسی کو نقصان اٹھانا پڑا۔