ملتان، بہاول پور (سپیشل رپورٹر+ محمد الیاس ذاکر سے) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز نے چنڑ ہاؤس میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنڈال میں وہ کارکن بھی موجود ہیں جنہوں نے 1993ء میں قربانیاں دیں اور جیلیں کاٹیں۔ ان میں اقبال چنڑ بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچاس لاکھ گھروں کا ، مدینہ کی ریاست کے دعویدار حکومت نے کچھ نہیں کیا۔ آج یہ قوم مسلم لیگ ن کی راہ تک رہی ہے اور نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں کو للکار للکار کر کہہ رہی ہے کہ نیا پاکستان تو نہیں بن سکا۔ پرانا پاکستان لوٹا دو۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے دور میں دوائیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ عمران نیازی تم نے عوام کے منہ سے روٹی چھینی ہے۔ اب یہ عوام تمہیں اور تمہارے تخت کوسمندر میں اٹھا کر پھینکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے تین سالوں سے ایک اینٹ نہیں لگائی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا جھوٹا نعرہ نہیں لگایا تھا۔ نیازی صاحب صوبے جھوٹ سے نہیں بنتے بلکہ آئینی ترمیم سے اور سچ بولنے سے بنتے ہیں۔ ہماری جماعت صوبہ بہاول پور کی بحالی کی حمایت کرتی ہے تاکہ بہاول پور کے لوگوں کو اس کا حق ملے۔ انہوں نے کہا کہ 2023ء میں جب الیکشن کا بگل بجے گا ان شاء اللہ، اللہ کے حکم سے ہماری حکومت بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف نے سابقہ دور میں 22/22 گھنٹے کی اذیت ناک لوڈ شیڈنگ ختم کی اور عوام کے لئے روشنی پیدا کی۔ صدر حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کی حکومت نہیں عذاب عوام پر مسلط ہے جس سے چھٹکارا دلوانے کے لئے مسلم لیگ ن نکل کھڑی ہوئی ہے۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ پچھلے تین ماہ میں یہ حکومت پٹرول کی قیمت 7 مرتبہ بڑھا چکی ہے۔ جو بجلی کا یونٹ 7 روپے کا تھا وہ وہ اب 23 روپے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے کسان کے پیٹ پر بھی لات مار دی ہے۔ حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس حکومت نے ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے دفن کر دیا ہے اور گذشتہ تین سالوں میں 15 ہزار ارب کا قرضہ چڑھا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت روزانہ کی بنیاد پر ملکی قرضوں میں 13 ارب روپے کا اضافہ کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان صبح اٹھ کر کہتے ہیں کہ ن لیگ کے خلاف کوئی کرپشن کا کیس لاؤ لیکن اللہ تعالی کے فضل سے آج تک ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے۔ ملتان سے سپیشل رپورٹر کے مطابق قائد حزب اختلاف پنجاب حمزہ شہباز شریف نے جنوبی پنجاب کے دورے کے پہلے روز تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کی پانچ وکٹیں گرا دیں۔ تحریک انصاف خانیوال کے رہنما وسابق ایم پی اے پیر جمیل شاہ، تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر کیپٹن ر ناصر مہے کے بھائی بریگیڈیئر قیصر مہے، تحریک انصاف کے رہنما وسابق ایم پی اے ملک اسحاق بچہ ملک جہانزیب بچہ، سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب شیر علی گورچانی اور پیپلز پارٹی مظفرگڑھ کے ٹکٹ ہولڈر سردار اختر خان گوپانگ نے حمزہ شہباز شریف کی موجودگی میں مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔ ملتان میں سیاسی شخصیات سے ملاقاتوں اور وفود سے بات چیت کے دوران مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما میاں حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے آج پوری قوم کو بھکاری بنا کر دنیا کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے۔ ملکی وقار کو داؤ پر لگا دیا گیا ہے۔ صرف مسلم لیگ ن ہی امید کی کرن بن کر قوم کے ساتھ موجود ہے۔ میاں نواز شریف جلد قوم کے رہبر کے طور پر دوبارہ ان کے ساتھ ہوں گے۔
عوام روٹی چھننے پر عمران کو اٹھا کر سمندر میں پھینکیں گے
Oct 04, 2021