لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان علماء کونسل کے زیراہتمام ملک بھر میں ماہ ربیع الاول‘ ماہ ربیع الثانی میں سیرت مصطفیٰؐ پر کانفرنسیں، اجتماعات ہوں گے۔ دونوں ماہ کے خطبات جمعہ میں عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق موضوعات اختیار کیے جائیں گے۔ جمعہ کے موضوعات میں تعلیم کی اہمیت، حجاب اور حیائ، تعلیمات مصطفیٰ کی روشنی میں رسول اللہﷺ کا طریقہ تبلیغ، عورتوں کے حقوق، افواہ سازی، نکاح سنت مصطفیٰ کی روشنی میں اور جہیز کی رسم سے پرہیز، محراب و منبر کا کردار، مسجد بطور عوامی فلاح وبہود کے مرکز جیسے موضوعات ہوں گے۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مولانا اسد اللہ فاروق ، مولانا طاہر عقیل اعوان ، مولانا محمد اسلم صدیقی، مولانا عبید اللہ گورمانی، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا حبیب الرحمن عابد، مولانا امین الحق اشرفی ، قاری مبشر رحیمی ، مولانا عبد القیوم فاروقی ، قاری عبد الحکیم اطہر، قاری فیصل امین ، قاری کفایت اللہ ، مولانا عبد الغفار فاروقی، زبیر آزادو دیگر بھی موجود تھے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہم 6 سو پاکستانی طلباء کو سکالر شپ دینے پر سعودی عرب کی حکومت کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا افغانستان پر پاکستان کے موقف کو پوری دنیا اختیار کر رہی ہے، ہم ایک مضبوط افغانستان چاہتے ہیں دنیا اس پر تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ کویت کی حکومت کی طرف سے پاکستانیوں کیلئے ویزے شروع کر دئیے گئے ہیں۔ قطر اور متحدہ عرب امارات سے بھی معاملات بہت بہتر ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں طاہر اشرفی نے کہا عمران خان کوئی ایسا کام نہیں کریں گے جو قومی امیدوں اور مفادات کے خلاف ہو۔ پاکستان دشمن قوتوں کا ہدف پاکستان اور افغانستان میں تصادم کروانا ہے اس سازش کو ناکام بنانے کیلئے اتحاد کی ضرورت ہے۔