راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) در بار عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ حضور نبی کریمؐ مخلوق کا تعلق خالق سے جوڑنے والے اور اﷲ کریم کی جانب سب سے قوی ، توانا ، مضبوط اور اعلیٰ وسیلہ ہیں ۔ اُمت مسلمہ دین و دنیا میں سُرخرو ہونے کیلئے اپنے کریم آقا ؐکے دامانِ رحمت سے مضبوطی سے منسلک ہو جائے اور اپنی زندگیاں آپ ؐکی شریعت مطہرہ کے تابع بسر کرنے کا عہد کرے ۔ غلامی مصطفی ؐہم سے اِس چیز کی متقاصی ہے کہ ہمارا وجود مخلوقِ خدا کیلئے راحت و آسانی کا باعث ہو ، ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونے والے ہوں، لوگوں کی عزتیں پامال کرنے کے بجائے ایک دوسرے کو عزت و تکریم دینے والے ہوں اور دوسروں کے عیب اُچھالنے کے بجائے اُن کی پردہ پوشی کرنے والے ہو ں ۔ بزرگان ِ طریقت و بزرگانِ دین اور آج جس عظیم ہستی الحاج محمد فرخ حفیظ رحمۃ اﷲ علیہ جن کے عُرس مبارک میں ہم حاضر ہیں انہی ہستیوں نے نہ صرف اپنی زندگیوں کو شریعت مطہرہ کے تابع کیا بلکہ اپنے عمل و کردار سے ثابت کیا کہ حضور نبی کریمؐ کی غلامی و اتباع ہی دین و دنیا میں یقینی کامیابی کی ضامن ہے ۔ہر دور اور ہر زمانے میں مخلوقِ خدا کا تعلق ، رشتہ اور نسبت کو دربار ِ رسالت مآبؐ سے مضبوط سے مضبوط کرنے کا سہرا اُولیائے اُمت کے سر رہا جن کی بدولت دین متین اسلام کی ترویج و اشاعت اور احادیث ِمبارکہ اصل و محفوظ حالت میں مخلوقِ خدا تک پہنچی ہیں۔اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے اُن کے سالانہ عُرس مبارک کے موقع پر منعقدہ محفل میلاد ِ مصطفیؐسے خطاب کے دوران آستانہ عالیہ کدھر شریف ، منڈی بہاؤالدین کے مقام پر کیا ۔