اندرون سندھ و ٹریفک حادثات میں2 افراد ہلاک

Oct 04, 2021

ہالانی/ محراب پور(نامہ نگاران)نوشہروفیروز مٹھیانی رابطہ سڑک (لنک روڈ) پر بھرن اسٹاپ کے پاس موٹر سائیکل پھسل (سلپ) ہوجانے سے دو سگے بھائی مظہر علی اور ذوالفقار پنہور شدید زخمی ہوگئے جنہیں مٹھیانی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ذولفقار پہنور زخموں کی تاب نہ سہتے ہوئے اپنے خالق حقیقی سے جاملا جبکہ مظہر علی پنہور کو ابتدائی طبی امداد بعدنوشہرو فیروز اسپتال میں منتقل کردیا گیا، جاں بحق نوجوان ٹاؤن کمیٹی مٹھیانی میں ملازم تھا اور اپنے چھوٹے 4  فٹ قد کی وجہ سے اس علاقہ میں مشہور تھا، دونوں بھائی نوشہرو فیروز میں ضروری کام کے بعد واپس آرہے تھے کہ واقعہ پیش آگیا۔محراب  پور سے نامہ نگار کے مطابق ہنگورجہ کے قریب قومی شاہراہ پر تیز رفتار ٹرالر کی ٹکر سے 22  سالہ ذولفقار علی جتوئی ٹرالر کے نیچے کچل کر جاں بحق ہوگیا، شہریوں نے ٹرالر ڈرائیور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا ہے، ہنگورجا پولیس کے مطابق جاں بحق مویشی تاجر اور ٹنڈو مستی کا رہائشی تھا۔ہالانی سے  نامہ نگار کے مطابق  مورو شہر کے درس روڈ پر قائم ایک نجی میڈیکل سینٹر میں مورو کی نورانی کالونی کے رہائشی محمد حسن دلو کی اہلیہ دوران زچگی خاتون ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے جاں بحق ہوگئی، مرحومہ کے شوہر اور ورثاء  نے خاتون ڈاکٹر اور میڈیکل سینٹر کے مالک کیخلاف مقدمہ درج کرکے انکی گرفتاری کا مطالبہ  کیا ہے۔

مزیدخبریں