کراچی(سٹی نیوز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہمارے حکمران اپنے سیاسی مفادات کی خاطر این ایف سی ایوارڈ کے بعد پی ایف سی ایوارڈ کا اجراء نہیں کرتے۔ پی ایس پی کے پیش کردہ 6 نکات میں پاکستان کے 95 فیصد مسائل کا حل ہے، اٹھارویں ترمیم میں صوبوں کو ملنے والے اختیارات سے وزیراعلی خود مختار ہوگئے لیکن شہر، ڈسٹرکٹ، ٹاؤن اور یوسی کی سطح پر عوام اختیارات اور وسائل سے محروم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں پاک سرزمین پارٹی کے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ آج لوگ پریشان ہیں‘ملک میں لوگ بھوک سے بلک رہے ہیں کیونکہ مہنگا آٹا غریب کی پہنچ سے باہر کردیا گیا ہے، کتے کے کاٹنے سے بچے مررہے ہیں، اسپتالوں میں کتے کے کاٹنے کی ویکسین موجود نہیں، ہر محکمے میں کرپشن اور زیادہ ہورہی ہے، 70 فیصد بیماریاں گندپانی پینے کی وجہ سے ہے۔ ملکی حالات امریکہ کا صدر ٹھیک نہیں کرے گا، یہیں کا وزیر اعظم اور وزرائ اعلی ٹھیک کریں گے۔ پاکستان میں جہاں جہاں انسان پریشان ہوگا وہاں وہاں پی ایس پی ہوگی کیونکہ پی ایس پی پاکستان میں بسنے والے ہر مظلوم کی آواز اور آخری امید ہے۔ ایسا نظام لائیں گے کہ عزت، انصاف اور اختیار نچلی ترین سطح پر ملنا شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس پی کے پرچم تلے آج تمام قومیتوں کے لوگ شامل ہے کیونکہ ہم نے امن، محبت کا پرچار کیا اور آج دنیا بھر میں ہمارے کارکنان موجود ہیں۔
مصطفیٰ کمال
پی ایس پی کے 6نکات میں 95فیصد مسائل کا حل موجود مصطفی کمال
Oct 04, 2021