لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ٹرانس جینڈر ایکٹ کے نام پر فحاشی و عریانی کا مکروقانون قابل قبول نہیں۔ اسلام سے متصادم ایکٹ کے خلاف جماعت اسلامی 7اکتوبر کو لاہور میں احتجاجی مارچ کرے گی، جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی سراج الحق کریں گے۔ ہم ملک کے اسلامی تشخص اور نظام مصطفیٰ کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ہر صورت میںبے نقاب کریںگے اور ڈٹ کر ان کا مقابلہ کریںگے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانس جینڈر ایکٹ براہ راست ہمارے خاندانی نظام پر حملہ ہے۔ بے شرم حکمران اپنے غیر ملکی آقا?ں کو خوش کرنے کے لیے ایسے اقدامات کررہے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان غلام ابن غلام حکمرانوںسے نجات حاصل کی جائے۔ پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر وجود میں آیا تھا، اس میں اللہ اور اس کے رسول کا نظام حیات ہی کامیابی سے چل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کی توجہ مہنگائی اور بے روزگاری سے ہٹانے کیلئے اس قسم کی حرکات کررہے ہیں۔ پاکستان کے 22کروڑ عوام کومسلم لیگ نون، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے ہر طرح سے مایوس کیا ہے۔ جب تک یہی چہرے اور پارٹیاں برسر اقتدار ہیں عوام کو ریلیف مل سکتا ہے، نہ ہی ملکی عزت ، وقار اور اسلامی تشخص محفوظ رہ سکتا ہے۔جماعت اسلامی کے لوگوں نے اسمبلیوں میں کم تعداد ہونے کے باوجود ہمیشہ عوام کے مسائل کو اجاگر کیا اورملک دشمن سازشوں کو بے نقاب کیا ہے۔ قوم ہم پر اعتماد کرے تو ہم ملک و قوم کی تقدیر بدل کر رکھ دیںگے۔
ٹرانس جینڈر ایکٹ کے نام پر فحاشی و عریانی کا قانون قبول نہیں:جاوید قصوری
Oct 04, 2022