موسمیاتی چیلنج سے نمٹنے کے لیے طویل المدتی امریکی وابستگی اور اقدامات کی ضرورت : مسعود خان


 واشنگٹن (این این آئی)امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے موسمیاتی چیلنج سے نمٹنے کے لیے طویل المدتی امریکی وابستگی اور اقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ مشترکہ چیلنجز ، خصوصا غیر معمولی موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے چیلنجز امریکہ کی ترقی پذیر ملکوں کے ساتھ طویل المدتی امریکی وابستگی اور عزم کا تقاضہ کرتے ہیں تاکہ پاکستان جیسے ممالک موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں رونما ہونے والی آفات کا مقابلہ کر سکیں،پاکستان میں غیرمعمولی سیلاب اور فلوریڈا اور ملحقہ ریاستوں میں سمندری طوفان کی وجہ سے ہونے والی حالیہ تباہی سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ کوئی بھی ملک موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے محفوظ نہیں ہے،ہمیں اکٹھے ہونے اور فوری طور پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔ان خیالات کا اظہار سفیر پاکستان نے پاکستانی امریکن پریس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پاک امریکہ سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔تقریب میں بڑی تعداد میں پاک امریکی صحافیوں، امریکی محکمہ خارجہ کے حکام اور امریکہ کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے ممتاز پاکستانی تارکین وطن اراکین نے شرکت کی۔سفیر پاکستان مسعود خان نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی پر روشنی ڈالی جس نے 16 ملین بچوں سمیت 33 ملین افراد کو متاثر کیا اور زمین کا ایک تہائی حصہ زیر آب آیا ہے۔مسعود خان نے پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیماریاں ایک آفت کے اندر ایک اور آفت ہیں۔سفیر پاکستان نے امریکی حکومت، کانگریس، سینٹ، نجی شعبے، مخیر حضرات اور دیگر افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اپنی انفرادی حیثیت میں تعاون کیا۔سفیر پاکستان نے پاکستانی امریکن کمیونٹی کی جانب سے متاثرہ لوگوں کے ریلیف اور ریسکیوکے لیے فراخدلانہ عطیات کو بھی سراہا۔سفیر پاکستان نے تعمیر نو اور بحالی کے حوالے سے درپیش چیلنج کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے امریکہ کے طویل المدتی تعاون کی ضرورت ہے۔مسعود خان نے کہا کہ ہم امن میں شراکت دار رہے ہیں ہم نے مل کر جنگیں لڑی ہیں اب ہمیں مل کر اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔مسعود خان نے کہا کہ اس بحران کو ایک موقع میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات کے حوالیسے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات کا مستقبل انتہائی روشن ہے،

ای پیپر دی نیشن