اسلام آباد(نا مہ نگار) سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہاؤس آف کامنز میں ڈپٹی قائد حزب اختلاف اور لیبر پارٹی کی ڈپٹی لیڈر انجیلا رینر اور ہاؤس آف لارڈز، برطانیہ کے ممبر لارڈ واجد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پارلیمانی تعاون اور دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے سمیت پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے ہونے والے سماجی و اقتصادی نقصانات پر تبادلہ خیال کیا گیا سپیکر نے پاک برطانیہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ پاکستان کا اہم اقتصادی شراکت دار ہے۔ انہوں نے ملکی معیشت میں پاکستانی تارکین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں پاکستانی تارکین وطن کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ سپیکر نے ملک میں حالیہ تاریخ کے بدترین سیلاب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں نے پاکستان پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں جبکہ عالمی سطح موسمیاتی تبدیلیوں کا سبب بننے والی زہریلی گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ 1 فیصد سے بھی کم ہے۔ لیبر پارٹی کے ڈپٹی لیڈر کا کہنا تھا برطانیہ پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔