کراچی (نیوز رپورٹر) شہر قائد کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں اپنے گھر کے صحن میں سوئی ہوئی ایک بچی کی زندگی اندھی گولی نے چاٹ لی۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں اسلحے کے غلط استعمال نے ایک اور گھر ماتم کدہ بنا دیا، شاہ لطیف ٹاون میں اندھی گولی کا شکار 2 سالہ بچی صنم دم توڑ گئی۔واقعے کا مقدمہ شاہ لطیف تھانے میں درج کر لیا گیا، بچی کے والد نے مقدمہ درج کرانے سے انکار کر دیا تھا جس پر پولیس نے سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا۔ مقتولہ صنم اپنے گھر کے صحن میں سوئی ہوئی تھی، کہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی صنم کے سر پر لگی، جس پر بچی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ڈاکٹرز نے بچی کے سر کے ایک طرف لگنے والی گولی دوسری طرف سے نکالی، تاہم بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئی۔واقعے کے بعد پولیس کی جانب سے علاقے کا مکمل جائزہ بھی لیا گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں کوئی شادی نہیں ہو رہی تھی۔واضح رہے کہ رواں سال اندھی گولی سے درجنوں شہری زخمی ہو چکے ہیں، اندھی گولی لگنے سے ماضی میں بھی کئی جانیں جا چکی ہیں، اس حوالے سے سندھ پولیس کو ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔
چاٹ لی