کراچی (نیوز رپورٹر) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے 12 ربیع الاول کے جلوسوں کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے پیرکو وزیراعلی ہائوس میں علمائے کرام سے ملاقات کی اور عید میلاد النبیؐ کومذہبی جوش و جذبے سے منانے کا فیصلہ کیا۔اجلاس میں صوبائی وزرا سعید غنی، ناصر شاہ، مرتضی وہاب، چیف سیکریٹری سہیل راجپوت، آئی جی سندھ غلام نبی میمن، کمشنر کراچی اقبال میمن، ایڈیشنل آئی جی عمران یعقوب اور سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے شرکت کی۔ علمائے کرام میں سے حاجی حنیف طیب، مولانا بشیر فاروقی، ڈاکٹر جمیل راٹھور، شہزادہ ریحان امجد نعمانی، مفتی نذیر جان، مولانا رفیع الرحمان نورانی، مولانا اشرف گورمانی، ثروت ا عجاز قادری، عاطف بلو اور دیگر نے شرکت کی۔وزیراعلی سندھ نے صوبے میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے پر علمائے کرام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں فرقہ وارانہ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے پر مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام کا شکر گزار ہوں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ علمائے کرام نے سندھ کو ایک پرامن معاشرہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔علمائے کرام نے مذہبی تقریبات کو خوش اسلوبی سے منانے کے حوالے سے صوبائی حکومت کے تعاون پر وزیراعلی سندھ کا شکریہ ادا کیا۔
علمائے کرام نے وزیر اعلی سندھ کو تجویز دی کہ روٹ کی پیوند کاری اور بند نالوں کی مرمت سے ربیع الاول کے جلوس کو بہتر طریقے سے رواں رکھاجاسکتا ہے۔ اس پر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کے ایم سی نے صوبائی حکومت کے تعاون سے مرمت کا کام شروع کر دیا ہے۔علمائے کرام نے شکایت کی کہ کے الیکٹرک لوڈ شیڈنگ کا سہارا لے رہی ہے جس کی وجہ سے مسجد اور دیگر عمارتوں کی روشنیاں متاثر ہوں گی۔ اس پر وزیراعلی نے کہا کہ وہ پہلے ہی کے الیکٹرک کو عید میلاد النبی کے موقع پر بجلی کی مناسب فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کر چکے ہیں۔
عید میلادالنبیؐ فیصلہ
سندھ حکومت کا عید میلاد النبی ؐ کومذہبی جوش و جذبے سے منانے کا فیصلہ
Oct 04, 2022