اسلام آباد(نا مہ نگار)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے استحقاق نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو نوٹس جاری کردیا ہے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے استحقاق نکا اجلاس چیئرمین رانا قاسم نون کی زیر صدارت منعقد ہوا، فیصلے کے تحت عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور ایس ایس پی خرم رشید کو بھی نوٹسز جاری کردیے ہیں۔اجلاس کے دوران جمعیت العلمائے اسلام(ف)سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی صلاح الدین ایوبی کی طرف سے قائمہ کمیٹی میں جمع کرائی گئی تحریک استحقاق جمع پر گفتگو ہوئی۔ صلاح الدین ایوبی کی طرف سے پارلیمنٹ لاج نمبر A-401پر اسلام آباد پولیس کے چھاپے کے حوالے سے سوال اٹھایا گیا جس میں کہا گیا کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی ہدایت پرچھاپہ مارا گیا ،کمیٹی نے استحقاق کا سوال اپنی اگلی میٹنگ تک اس ہدایت کے ساتھ ملتوی کر دیا کہ عمران خان اور شیخ رشید احمد کمیٹی کے اگلے اجلاس میں بذات خود شرکت کریں۔رومینہ خورشید عالم، ایم این اے کی جانب سے عالیہ حمزہ ملک کے مبینہ ٹویٹ کے حوالے سے اٹھائے گئے استحقاق کے سوال پرکمیٹی نے استحقاق کے سوال کو اپنی اگلی میٹنگ تک روک دیا۔پبلک اکانٹس کمیٹی کے استحقاق کے متعلق معاملات پر چیئرمین، پبلک اکانٹس کمیٹی نور عالم خان کی طرف سے اٹھائے گئے سوال پر کمیٹی نے تمام وفاقی سیکرٹریوں وزارتوں/ ڈویژنوں/ محکموں اور چیف سیکرٹریوں کو ہدایت کی کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے اور پارلیمنٹ کی بالادستی کا احترام نہیں کیا جائے گا۔ کمیٹی نے یہ بھی سفارش کی کہ اگر کوئی پارلیمنٹ/کمیٹیوں کی ہدایات سے گریز کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے اختیارات کو پامال کرنے یا چیلنج کرنے کی جرات کرتا ہے۔ اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
پارلیمنٹ لاجز پر پو لیس چھاپہ قائمہ کمیٹی استحقاق نے عمران ‘شیخ رشیدکو نوٹس جاری کردیا
Oct 04, 2022