اسلام آباد (خبر نگار) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قومی اداروں کے خلاف عمران خان کی مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے قومی مفادات سے کھیلنے والوں کو قانون کو جواب دینا پڑے گا، عوام کے بعد سازشی اب اداروں میں انتشار پھیلانے کی سازش کر رہا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے قومی اداروں کے خلاف عمران خان کی مہم کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے چور اب اداروں کو بدنام کرکے اپنے جرم کی سزا سے بچنا چاہتے ہیں۔ عوام کے بعد سازشی اب اداروں میں انتشار پھیلانے کی سازش کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سفارتی سائفر میں ردوبدل کرکے قومی سلامتی سے کھیلا گیا، قانون کا سامنا تو کرنا ہوگا۔ پاکستان کے قومی مفادات سے کھیلنے والوں کو قانون کو جواب دینا پڑے گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ قانون سب کے لئے برابر ہے، مقبول ہونے کا مطلب قانون سے بالا تر ہونا کیسے ہوگیا؟۔ آپ کی آڈیو لیکس نے پاکستان کے مفادات کے خلاف سنگین سازش بے نقاب کر دی۔ علاوہ ازیںوزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی امداد کی مانیٹرنگ کیلئے فلڈ ریلیف ڈیش بورڈ کو بین الاقوامی معیارات اور قوم کی ضروریات کے مطابق مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداروں کے مابین بہتر کوآرڈی نیشن اور ملکی ساکھ میں اضافہ کیلئے درکار مزید خصوصیات کے ساتھ ڈیش بورڈ عالمی معیار کا حامل ہونا چاہئے جس پر قوم کو فخر ہووزیراعظم نے اسلام آباد میں سیلاب متاثرین کی امداد کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے لیے ڈیش بورڈ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس میں ریئل ٹائم میں انفارمشین نہیں آرہی تو کیا فائدہ ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ناکافی اور مذاق ہے ہم ایک دوسرے کا وقت ضائع کر رہے ہیں، میں آج اس کا افتتاح نہیں کروں گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سیلاب متاثرین کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ کیلئے ڈیش بورڈ سے متعلق بریفنگ کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا جس کا باضابطہ افتتاح آئندہ پیر کو کیا جائے گا۔ وزیراعظم کو اس ڈیش بورڈ کی چیدہ چیدہ خصوصیات پر بریفنگ دی گئی۔ ڈیش بورڈ سے سیلاب متاثرین کو ملنے والی امداد بارے معلومات تک رسائی ممکن ہو گی، سیلاب متاثرین کیلئے دیئے گئے فنڈز کی تمام تفصیلات بھی ڈیش بورڈ پر دستیاب ہوں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ڈیش بورڈ کی ورکنگ مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، ڈیش بورڈ پر رئیل ٹائم انفارمیشن اپ ڈیٹ کی جائے، یہ ڈیش بورڈ مزید درکار خصوصیات کے اضافہ کے ساتھ عالمی معیار سے ہم آہنگ ہونا چاہئے۔ایسا بنایا جائے جس پر قوم فخر کرے۔ ایسا ڈیش بورڈ بنائیں جس سے بین الاقوامی سطح پر ہماری ساکھ میں بھی اضافہ ہو۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ڈیش بورڈ کو عوامی امنگوں کے مطابق بنانے کیلئے ایک ہفتہ مزید لے لیں، آئندہ پیر کو اس کا باضابطہ افتتاح کروں گا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے دیئے گئے فنڈز کی تفصیلات ڈیش بورڈ پر دستیاب ہوں گی، ہمیں مستقبل میں بھی اس طرح کی قدرتی آفات سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاری کرنا ہو گی وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کیلئے ڈیش بورڈ بہت اہمیت کا حامل ہے، یہ ڈیش بورڈ آئندہ بھی ہمیں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں مدد دے گا۔ وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں خوراک کے تحفظ کے حوالہ سے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے،چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے بتایا کہ سندھ سے اس وقت ایک لاکھ 33 ہزار اور خیبرپختونخوا سے 30 ہزار مزید خیموں کی طلب ہے، چین سے 5 ہزار خیمے جلد مل جائیں گی،ہمیں 70 سے 80 ہزار مزید خیموں کی ضرورت ہو گی۔