لاہور (نیوزرپورٹر)پاکستان کے ایک معروف تشخیصی ادار ے چغتائی لیب نے آج اعلان کیا ہے کہ اسے کالج آف امریکن پتھالوجسٹس (CAP) سے باضابطہ طور پر منظوری حاصل کرلی ہے۔ کالج آف امریکن پتھالوجسٹس (CAP) پتھالوجی لیبارٹریز کیلئے اعلیٰ ترین بین الاقوامی معیار کاپیمانہ ہے۔ اِس منظوری کو حاصل کرنے کیلئے کالج آف امریکن پتھالوجسٹس کے پروفیشنسی ٹیسٹنگ (PT) پروگرام میں کامیاب شرکت کا ہونا ضروری ہوتا ہے جس کے بعد بین الاقوامی ماہرین کی ایک ٹیم لیب کا بذاتِ خود معائنہ کرتی ہے۔ چغتائی لیب نے جون کے آخر میں 3 دن کے سخت معائنہ کے مراحل سے گزر کر کالج آف امریکن پتھالوجسٹس کی طرف سے مکمل منظوری حاصل کی۔ چغتائی ہیلتھ کیئر کے سی ای او ڈاکٹر اے ایس چغتائی نے کہا کہ چغتائی لیب اپنے مریضوں کو اعلیٰ معیار اور درست تشخیص فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔ کالج آف امریکن پتھالوجسٹس کی طرف سے یہ منظوری ان جانچ کے معیارات کا خوش آئند اعتراف ہے جو ہم اپنے مریضوں اور ان کے ڈاکٹروں کو درست اور بروقت لیب رپورٹس فراہم کرنے کیلئے برقرار رکھتے ہیں۔
یہ ہمارے لیے ایک اہم سنگ میل ہے اور ہمیں انتہائی سخت بین الاقوامی جانچ کے معیارات پر پورا اترنے اور اُس سے بھی بڑھ کر معیار کو بہتر کرنے کی ترغیب دے گا۔ کالج آف امریکن پتھالوجسٹس لیبارٹری ایکریڈیشن پروگرام کو لیبارٹری کی تشخیص میں گولڈ سٹینڈرڈ کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔ کالج آف امریکن پتھالوجسٹس ایکریڈیٹیشن کا عمل مریضوں کی دیکھ بھال کے اعلیٰ ترین معیارات اور لیب کے ریکارڈز کی سخت جانچ پڑتال اور 3500 سے زیادہ اشاریوں پر طریقہ کار کے کوالٹی کنٹرول پروٹوکول کو یقینی بناتا ہے۔ کالج آف امریکن پتھالوجسٹس انسپکٹرز لیبارٹری کے عملے کی اہلیت، ٹیسٹنگ ایکوپمنٹ، سہولیات، حفاظتی پروگرام، ریکارڈ اور مجموعی انتظام کا بھی جائزہ لیتے ہیں۔ڈاکٹر عمر چغتائی، ڈائریکٹر آپریشنز چغتائی لیب نے کہا کہ ‘‘ہم اس دن کا انتظار ایک طویل عرصے سے کر رہے تھے۔ کالج آف امریکن پتھالوجسٹس ایکریڈیٹیشن کے حصول کا سہرا چغتائی لیب کی پوری ٹیم کی محنت اور لگن کو جاتا ہے۔ یہ منظوری ہمارے اعلیٰ ترین لیبارٹری معیار کو قابلیت اور درست تشخیص کے ذریعے فراہم کرنے کے ہمارے عزم کو ثابت کرتی ہے۔‘‘