منظم سازش کے تحت شہر کو یر غمال بنایا جارہا ہے،ڈاکٹرنگہت

Oct 04, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)کی جو ائنٹ سیکریٹری ڈاکٹرنگہت فاطمہ نے آفاق احمد کی رہائشگاہ پر کورنگی انڈسٹریل ایریا سے آئے صنعتکاروں کے ایک وفد سے ملاقات کی جس میں شہر کی موجودہ معاشی صورتحال اورجرائم کی بڑھتی کارروائیوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ منظم سازش کے تحت شہر قائد کو غیر محفوظ اور یر غمال بنایا جارہا ہے جس کی تکمیل کیلئے دیگر شہر وں،صوبوں اور تارکین وطن کو بنا کسی اندراج کے نہ صرف لا کر بسایا جارہا ہے بلکہ مقامی لوگوں کے حصے کی رہی سہی سہولیات بھی ان سے چھین کر باہر سے آئے لوگوں کو مہیا کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے اطراف اور درمیا ن سیکڑوں غیر قانونی بستیاں بسادی گئی ہیں جونہ صرف جرائم کا مضبوط گڑھ بن چکی ہیں بلکہ وہا ں سے دہشتگردی کی کارروائیو ں کی سرپرستی بھی کی جارہی ہے گزشتہ دنو ں کورنگی بلال چورنگی فائر اسٹیشن پرہونے والی دہشت گردی کی کارروائی بھی اسی سازش کے تسلسل کا نتیجہ ہے، ہم ایسی تمام ملک مخالف قوتوں کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ دہشت گردی کی کوئی بھی  کارروائی ہمارے عزم و حوصلے کو کمزرو نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پولیس اور انتظامی امور کی تکمیل کیلئے مقامی افراد کا انتخاب کیا جاتا ہے جو جرائم کے خاتمے میں انتہائی اہم اور مثر کردار ادا کرتے ہیں لیکن ہمارے شہر کی بدقسمتی ہے کہ جہاں پولیس بھی غیر مقامی ہے تو منصف بھی غیر مقامی اور شہرمیں ہونے والے جرائم میں ملوث افراد بھی غیر مقامی ایسے میں شکایت کریں تو کس سے کریں، ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اگر شہریوں کی حفاظت نہیں کرسکتے تو شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے لوگوں کو اسلحہ لائسنس جاری کئے جائیں تا کہ لوگ خو د اپنے تحفوظ کو یقینی بنائیں۔

مزیدخبریں