پی ٹی آئی سے گفتگو نہیں ہو سکتی ،  عمران کو چیف کی تعیناتی پر ڈسکشن نہیں کرنی چا ہئے


ملتان( سپیشل رپورٹر)سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سیاست میں کوئی اہمیت نہیں ، پی ٹی آئی سے کسی قسم کی گفتگو نہیں ہو سکتی ۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عمران خان کو آرمی چیف کی تعیناتی پر ڈسکشن نہیں کرنی چاہیئے - سید یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے پوری دنیا میں پاکستان کو تنہا کر دیا ، اسلام آباد آنے والوں کے لئے رانا ثناء  اللہ تیار ہیں ، ان کی ایڑھیاں گالوں سے بھی نرم ہیں ، یہ گرم زمین پر پاؤں رکھنے کے متحمل نہیں ہو سکتے - آرمی چیف کے تقرر یا توسیع کو آئین کے تناظر میں دیکھنا ہو گا کیونکہ آئین میں آرمی چیف کی تعیناتی و توسیع کا طریقہ کار موجود ہے - پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ ہم نے پورے ملک میں اس رجیم کے خلاف تحریک چلائی ، بڑی جدو جہد کے بعد قوم کو اس فتنے سے آزادی ملی ہے - اس موقع پر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں ان کی غلط بیانی ثابت ہو گئی ہے ، اب انہیں چور چور کی رٹ ختم کر دینی چاہیئے - ہمیں امپورٹڈ کا طعنہ دینے والے خود امپورٹڈ ہیں - ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ، پٹرول کی طرح بجلی بھی سستی کریں گے - سید یوسف رضا گیلانی نے آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے کہا کہ وزیر اعظم کی ایڈوائس پر آرمی چیف کی تعیناتی ہوتی ہے ، عمران خان کو اس معاملے کو ڈسکس نہیں کرنا چاہیئے - عمران خان حکومت کو ڈکٹیٹ کرنے والا کون ہوتا ہے ؟ ہم نے ملک بچانے کے لئے پارٹیوں کی مقبولیت پر ملک کو ترجیح دی ، انہوں نے سائبر کو لیٹر بنا کر اس سے کھیلنے کی باتیں کی ، جس کا عالمی سطح پر ملک کو نقصان ہوا - مولانا فضل الرحمان نے ٹرانس جینڈر بل میں ترمیم کے حوالے سے کہا کہ اس بل میں سقم موجود تھے ، اس لئے اس بل کی اصلاح کی طرف جا رہے ہیں -

ای پیپر دی نیشن