ملتان (خصوصی رپورٹر ) صوبائی وزیر محکمہ پرائمری وسیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب ڈاکٹر محمد اختر ملک نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال/شہباز شریف ہسپتال ملتان میں یورالوجی سرجری کے شروع ہونے سے امراض گردہ و مثانہ میں مبتلا لوگوں کو بروقت اور بہترین سہولیات فراہم کرنے میں کافی مدد ملے گی۔ہسپتال کی ضروریات کے پیشِ نظر فوری طور پر 5وینٹی لیٹرز دیئے جارہے ہیں جو آئندہ دو روز میں اسپتال انتظامیہ کے حوالہ کردیئے جائیں گے۔ یہ باتیں انہوں نے سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب محمد اقبال اور دیگر افسران و ملازمین کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر /شہبازشریف اسپتال ملتان میں یورالوجی آپریشن تھیٹر اور وارڈ کا افتتاح کیا۔ دورہ کے دوران صوبائی وزیر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں اور وارڈز کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اورعلاج معالجہ کے لیے آئے مختلف لوگوں سے فراہم کردہ طبی و دیگر سہولیات بارے بھی استفسار کیا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ شہباز شریفہسپتال ڈاکٹر راو امجد علی خان نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ امراض گردہ و مثانہ کے بڑھنے کو مدنظر رکھتے ہوئے یورالوجی سرجری سروسز شروع کی جا رہی ہیں اور ابتدائی طور پر 8 بستروں پر مشتمل یورالوجی وارڈ قائم کیا گیا ہے جس میں بیڈز کا اضافہ بتدریج کیا جائے گا۔ ہسپتال کے دورہ کے دوران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر محمد اختر ملک نے کہا کہ ڈسٹرکٹ/شہباز شریف ہسپتال میں یورالوجی کے متعلقہ سرجری کا بہترین اقدام ہے اورہسپتال میں ڈائیلسز مشینوں کا بھی اضافہ کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو بلاامتیاز بروقت طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔
ڈاکٹر اختر
شہباز شریف ہسپتال کو 5وینٹی لیٹرز دئیے جائینگے، ڈاکٹر اختر ملک
Oct 04, 2022