بلال چورنگی فائر بریگیڈ دفتر پر حملہ کی مذمت کرتے ہیں، فراز الرحمان 

Oct 04, 2022

کراچی (پی پی آئی) کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر فراز الرحمان نے کورنگی بلال چورنگی پر فائر بریگیڈ کے دفتر پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال  کو محفوظ بنانے والے اہلکاروں پر حملہ انسانیت پر حملہ ہے۔ انہوں نے واقع میں شہید ہونے والے 2 اہلکار وں کے اہل خانہ سے افسوس کا اظہار کیا اور ایک زخمی فائز مین کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ فرا ز الرحمان نے کہا کہ فائر بریگیڈ کے لوگ ہمارے ہیرو ہیں اور دہشت گردوں کی جانب سے انہیں نشانہ بناناافسوسناک  عمل ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں سیف سٹی پروجیکٹ اور اہم شاہراہوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب نہ ہونے کی وجہ سے ملزمان بلا خوف و خطر شہر بھر میں وارداتیں کرتے پھر رہے ہیں۔ صدر کاٹی نے کہا کہ شہر میں سیف سٹی پروجیکٹ سے جرائم کے خاتمہ میں مدد ملے گی، حکومت جلد سے جلد شہر میں سیف سٹی پروجیکٹ کو شروع کرے تاکہ ایسے جرائم پر قابو پایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے حوصلے اب اتنے بلند ہوچکے ہیں کہ وہ عوام کے ساتھ ساتھ فائر بریگیڈ کے عملے کو بھی نشانہ بنانے لگے ہیں جس سے شہر کراچی  کے امن و امان کو خراب کرنے کے ساتھ عوام میں خوف وہراس کی فضا کو دوبارہ قائم کرنا چاہتے ہیں ۔ فراز الرحمان  نے کہا کہ پولیس  اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر ایسے جرائم کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کو تلاش کرکے کیفر کردار تک پہنچا ئے تاکہ عوام سمیت خدمت خلق میں مصروف اہلکاروں کو بھی تحفظ فراہم کیا جائے۔

مزیدخبریں