کراچی(کامرس رپورٹر)خطے کے8ممالک کے تاجروں اور صنعتکاروں کی نمائندہ تنظیم سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ،ایف پی سی سی آئی کے سابق صدرافتخار علی ملک نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ کمزورمعاشی صورتحال میں تجربہ کار وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا ایک بار پھر ملکی وزارت خزانے کو سنبھالنابہترامید کی ایک نئی کرن بن کرسامنے آیا ہے کیونکہ سینیٹر اسحاق ڈار کے وزیرخزانہ کا منصب سنبھالتے ہیں ڈالر کے مقابلے میں ملکی کرنسی مضبوط ہونا شروع ہوئی ہے،اسٹاک ایکس چینج نے دوبارہ سنبھالا لے لیا ہے،پیٹرول کے نرخ کم ہوئے ہیں،گھی وتیل کی قیمتوں میں کمی کا عندیہ دے دیا گیا ہے اورکراچی کے شہریوں کیلئے بجلی کے ٹیرف میں کمی کی جارہی ہے اور یہی عمل جلد ملک کے دیگر حصوں میں بھی دہرایا جائے گا۔افتخار علی ملک نے کہا کہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی خوش آئندہ ہے کیونکہ سرمزایہ کاروں میں اعتماد کی فضاء قائم ہورہی ہے،آج پاکستان کیلئے چیلنجز سے بھرپور وقت ہے اورعالمی مکساد بازاری بھی بہت زیادہ بڑھ چکی ہے جبکہ روس یوکرائن جنگ نے یورپی معیشت کا توازن بگاڑ کر رکھ دیا ہے،امریکہ جیسی ریاست میں مہنگائی بام عروج پر ہے ،ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ملکی مصنوعات کی تیاری پر زوردیا جائے اور انکی لاگت کو کم سے کم کرنے کے اقدامات کئے جائیں تاکہ برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہو اور ملکی صنعت وتجارت کے تمام تر شعبوں کو تقویت پہنچانے کیلئے شرح سود کوفوری طور پر سنگل ڈیجٹ پر لایا جائے۔افتخار علی ملک نے کہا کہ پاکستان میں بجلی،گیس اورپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے نے مہنگائی کو ہوا دی اورعام آدمی کیلئے جینامشکل بنا دیا گیا،اگرچہ پیٹرول کے نرخ12.63روپے کمی کی گئی ہے لیکن عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں جس سطح تک کمی ہوئی ہے پاکستان میں پیٹرول کے نرخ مزید کم کئے جاسکتے ہیں۔سارک چیمبر کے صدر نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں میں اضافے اور کاروباری مراکز میں گہماگہمی بڑھانے کیلئے مثبت اقدامات کی ضرورت ہے اور مجھے امید ہے کہ وزیرخزانہ سینیٹراسحاق ڈار مسائل کو سمجھے اور انہیں حل کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں اور معاشی ترقی اور بحالی کیلئے مثبت اور اہم اقدامات اٹھاناان کی دسترس میں ہے۔
افتخار ملک