لاہور ( این این آئی) پنجاب میں آشوب چشم کی وبا میں بتدریج کمی آ رہی ہے، 24گھنٹے کے دوران صوبے بھر میں 506 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ محکمہ پرائمری ہیلتھ پنجاب کا کہنا ہے کہ رواں سال پنجاب کے 36اضلاع میں آشوب چشم کے کل 3لاکھ 96ہزار 964مریض رپورٹ ہوئے ہیں، لاہور میں 23,630 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ گزشتہ روز آشوب چشم کے 221 نئے مریض سامنے آئے۔ رواں سال آشوب چشم کے سب سے زیادہ مریض بہاولپور میں 76118رپورٹ ہوئے جبکہ بہاولپورمیں گزشتہ روز آشوب چشم کے 16نئے مریض سامنے آئے۔ ملتان میں کل 16635مریض رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ روز 12نئے مریض سامنے آئے ۔ رواں سال فیصل آباد میں آشوب چشم کے کل 31594مریض رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ روز 31 نئے مریض سامنے آئے۔رواں سال راولپنڈی میں آشوب چشم کے کل 9129 مریض رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ روز آشوب چشم کا صرف ایک نیا مریض سامنے آیا۔گران صوبائی وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر کا کہنا ہے کہ آشوب چشم کے مریض علاج اور رہنمائی کے لئے ہیلپ لائن 1033 ر رابطہ کریں۔ صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں آئی سرجنز کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ تمام ہسپتالوں میں آئی ڈراپس وافر مقدار میں مہیا کر دیئے گئے ہیں، آشوب چشم خطرناک نہیں اور نہ ہی اس سے بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے،آشوب چشم کا مرض 8سے 10دن میں خود بخود ٹھیک ہوجاتا ہے، شہری آنکھوں کی صفائی کا خیال رکھیں، تیز دھوپ اور گرد و غبار سے آنکھوں کو بچائیں، آشوب چشم میں مبتلا شخص کے کپڑے اور تولیے وغیرہ کو علیحدہ رکھیں۔