لاہور (خبر نگار) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کے واقعات میں جناح ہاو¿س پر حملے کے الزام میں مقدمہ میں گرفتار فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ، تحریک انصاف کی رہنما عالیہ حمزہ سمیت دیگر ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ دن کی توسیع کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو مقدمے کا چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے ماتحت عدالت کی طرف سے پی ٹی آئی کی سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا جسمانی ریمانڈ نہ دینے کیخلاف دائر اپیلوں پر سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چوہدری کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اعجاز چوہدری کو جیل میں بی کلاس سہولیات دینے کے لیے دائر اپیل پر سماعت کرتے ہوئے کیس فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو ارسال کردی۔ عدالت نے درخواست جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی سفارش کردی۔