سائفر کیس: آج اڈیالہ جیل میں سماعت، توہین الیکشن کمشن، گیارہ اکتوبر کا عمران پر فرد جرم لگے گی

Oct 04, 2023

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کیخلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ سائفر کیس کی سماعت آج بدھ کو اڈیالہ جیل میں ہوگی۔ وزارت قانون نے این او سی جاری کردیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں ہوگا، جب تک سکیورٹی اداروں کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کی سکیورٹی کلیئرنس نہیں دی جاتی تب تک چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفرکیس کا جیل ٹرائل کرنے پر وزارت قانون کوکوئی اعتراض نہیں ہے۔ واضح رہے خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے وزارت قانون کو خط لکھا تھا جس میں عدالت نے وزارت قانون سے قانونی رائے طلب کی تھی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے 190 ملین پا¶نڈ کرپشن اور توشہ خانہ کیس میں احتساب عدالت سے عدم حاضری پرضمانت کی درخواستیں مسترد کرنے کے فیصلوں کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔ درخواست پر فیصلے تک عبوری ضمانت دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 5 اگست کو چیئرمین پی ٹی آئی کو توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس میں سزا سنائی گئی اور گرفتار کرکے اسی روز جیل منتقل کردیا گیا تھا۔ دس اگست کو احتساب عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی دو مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں مسترد کیں۔ ہائیکورٹ احتساب عدالت کے 10 اگست کے فیصلوں کو کالعدم قرار دے اور درخواستوں پر فیصلہ ہونے تک عبوری ضمانت بھی فراہم کرے۔ دریں اثنا رجسٹرار آفس نے چیئرمین پی ٹی آئی کی عدم پیروی پر درخواست ضمانت خارج کرنے کے خلاف دائر درخواستوں پر اعتراض عائد کردیا۔ رجسٹرار آفس نے دونوں درخواستوں کو اعتراض کے ساتھ کل سماعت کے لیے مقرر کردیا۔ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت میں زیر سماعت سائفر کیس کی سماعت ان کیمرہ ڈیکلیئر کرنے کیلئے ایف آئی اے نے درخواست دائر کردی ہے۔ ادھر الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کی توہین کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف کیسز کی سماعت 11 اکتوبر کے لیے مقرر کردی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف چارج فریم کیا جائے گا۔ الیکشن کمشن نے آئندہ ہفتے کیلئے مقدمات کی کاز لسٹ جاری کر دی جس میں چیئرمین تحریک انصاف کو عہدے سے ہٹانے اور پارٹی نشان واپس لینے کے مقدمات بھی شامل ہیں۔ الیکشن کمشن چیئرمین تحریک انصاف کو عہدے سے ہٹانے کے کیس کی ابتدائی سماعت 10 اکتوبر کو کرے گا۔ الیکشن کمشن دونوں مقدمات کی ابتدائی سماعت کرے گا۔ الیکشن کمشن نے درخواست گزاروں کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔

مزیدخبریں