لاہور+ راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) تاریخ میں پہلی بار راولپنڈی میں پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا۔ محسن نقوی نے کمشنر راولپنڈی کے کمیٹی روم میں کابینہ کے 28 ویں اجلاس کی صدارت کی۔ راولپنڈی ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور امن و امان کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ نجی ہاﺅسنگ سکیموں میں مقیم گینگز اور مافیاز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاو¿ن کا فیصلہ کیاگیا۔ کابینہ نے مختلف اداروں اور محکموں کی جانب سے کاروبار اور دیگر بزنسز کے لئے این او سیز کے اجراءکو آسان بنانے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ مری میں ٹی بی ہسپتال میں جنرل ہسپتال بھی بنایا جائے گا۔ محسن نقوی نے راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کو اعلی معیار کے مطابق جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ کچہری چوک ری ماڈلنگ پراجیکٹ پر کام شروع کرنے کی منظوری دی گئی اور ڈوڈھچہ ڈیم اور نالہ لئی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ 9مئی کے پرتشدد واقعات میں راولپنڈی، اسلام آباد میٹرو بس سروس کے جلانے گئے 3 سٹیشنز کی بحالی کیلئے فنڈز‘ راولپنڈی میں سیف سٹی پراجیکٹ کی بھی باقاعدہ منظوری دے دی گئی۔ سیف سٹی پراجیکٹ سے راولپنڈی میں جرائم کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ پنجاب کے بڑے ہسپتالوں میں ہاسپٹل مینجمنٹ انفارمیشن اینڈ کیو مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ اور فنڈز کے اجرائ‘ بہاولنگر، فیصل آباد اور لاہور میں ڈسٹرکٹ کنزیومر کورٹس میں پریذائیڈنگ آفیسرز کی تعیناتی‘ رحیم یار خان کے علاقے خان پور میں کیڈٹ کالج کو آپریشنل کرنے‘ کابینہ نے سنٹرل لائبریری بہاولپور کی اپ گریڈیشن اور تزئین و بحالی‘ گورنمنٹ آف پنجاب، ہرن فاﺅنڈیشن اور ہوبارہ فاو¿نڈیشن کے درمیان ایم او یو میں دوسری ترمیم‘ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کے ممبران کی نامزدگی‘ کوہ سلیمان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ کیلئے چیئرپرسن اور ٹیکنیکل ماہرین کی نامزدگی کی منظوری دی۔ محسن نقوی نے عوامی فلاح کے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیرصدارت امن و امان سے متعلق اجلاس میں صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ مذہب کے نام پر شر انگیزی پھیلانے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور ایسے عناصر کی فنانسنگ روکنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ شرپسندوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جائے گا اور قانون شکن عناصر سے کسی قسم کی رعایت نہیں ہو گی۔ محسن نقوی نے شرپسندوں اور جرائم پیشہ گینگز کے خلاف بھرپور کریک ڈاو¿ن کا حکم دیا اور کہا کہ کسی بھی گروہ یا جتھے کو صوبے کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اجلاس میں میانوالی میں کنڈل چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ محسن نقوی نے کاہنہ میں 4کمسن بچوں کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔ محسن نقوی نے معصوم بچوں کے قاتل باپ کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ دل دہلانے دینے والے واقعہ پر دلی صدمہ ہوا ہے۔ ملزم قانون کے مطابق عبرت ناک سزا سے نہیں بچ پائے گا۔ محسن نقوی کے چیف سکیورٹی آفیسر حمزہ امان اللہ کو سینئر ایس پی کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔ وزیراعلیٰ اور انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے حمزہ امان اللہ کو سینئر ایس پی کے بیج لگائے۔ محسن نقوی نے حمزہ امان اللہ کو مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔