نوازشریف سے ملاقات، قائد مسلم لیگ ن سے زیادتیوں کا ازالہ ہونا چاہیے: شاہد خاقان

Oct 04, 2023

لندن (عارف چودھری+ نوائے وقت رپورٹ) شاہد خاقان عباسی نے لندن میں نواز شریف سے ملاقات کی۔ حسن نواز کے دفتر کے باہر صحافی نے سوال کیا آپ پارٹی بنا رہے ہیں‘ پھر یہاں ملنے بھی آئے‘ کیا گلے شکوے ختم کرنے آئے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف سے کوئی گلہ شکوہ نہیں۔ ملاقات میں ملکی مسائل‘ حالات پر گفتگو ہوئی۔ میں نے اپنی تجاویز بھرپور طریقے سے پیش کیں۔ نواز شریف کے ساتھ جو ناانصافی ہوئی اس کا ازالہ کیا جائے۔ اس سے بڑی زیادتی کیا ہو گی کہ وزیراعظم کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر ہٹایا گیا۔ ملکی معاملات کو دیکھنا ہو گا۔ نئی پارٹی کی ضرورت بھی ہے اور گنجائش بھی ہے۔ بنے گی تو سامنے آ جائے گی۔ میں کسی کے استقبال کا قائل نہیں۔ پہلے میاں صاحب کے عدالتی معاملات درست کریں۔ پارٹی خفیہ نہیں بنتی۔ نئی پارٹی بنائی نہیں اس کے قیام کی بات کی ہے۔ پارٹی کے کسی لیڈر کے حوالے سے میرے کوئی تحفظات نہیں۔ نواز شریف کی واپسی سے متعلق مشاورت میں شامل نہیں تھا۔ نو مئی کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ شاہد خاقان عباسی کی گفتگو کے دوران چند لوگوں نے نعرے بازی کی۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نعرے لگانے والوں کو اﷲ تعالیٰ ہدایت دے۔ مسلم لیگ (ن) جیتی تو وزارت عظمیٰ کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔

مزیدخبریں