لاہور(خصوصی نامہ نگار)پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 24- 2023کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے بیسویں اجلاس میں اوقاف سیکٹر کی 4ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 2ارب 52کروڑ 50لاکھ روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت قائم مقام چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ نادر چٹھہ نے کی۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں پاکپتن میں بابا فرید الدین گنج شکر کے مزار اور کمپلیکس کی مربوط ماسٹر پلاننگ اور ڈویلپمنٹ کیلئے 72کروڑ 50لاکھ روپے، حضرت جلال الدین بخاری اچ شریف مزار کی اپ گریڈیشن کیلئے 76کروڑ 50لاکھ روپے، ملتان میں حضرت شاہ شمس سبزواری کے مزار کی اپ گریڈیشن کیلئے 49کروڑ روپے اور قصور میں بابا بلھے شاہ کے مزار کی مربوط ماسٹر پلاننگ اور ڈویلپمنٹ کیلئے 54کروڑ 50لاکھ روپے شامل ہیں۔اجلاس میں چیف اکانومسٹ پی اینڈ ڈی سمیت محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔