ریاض انقرہ (این این آئی+ آئی این پی) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ترک صدر رجب طیب ایردوآن کو ایک ٹیلی گرام بھیجا، جس میں انہوں نے انقرہ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق شاہ سلمان نے کہا کہ ہمیں دہشت گردانہ حملے اور اس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی خبر ملی۔ ہم اس مجرمانہ فعل کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف سعودی عرب، جمہوریہ ترکیہ کے ساتھ کھڑا ہے۔ زخمی ہونے والے ترک شہریوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی ترک صدر کو علیحدہ سے بھیجے گئے ایک مراسلے میں انقرہ میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ علاوہ ازیں ترکیہ میں گزشتہ روز وزارت داخلہ کی عمارت کے باہر خود کش حملے کی تحقیقات اور ڈی این اے تجزیے سے ایک دہشتگرد کی شناخت ہو گئی ہے دوسرے دہشتگرد کی شناخت کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔ دریں اثناءپولیس نے خودکش حملے میں ملوث دہشتگردوں کی تلاش میں 18 صوبوں میں کارروائی کرتے ہوئے 90 افراد کو گرفتار کر لیا۔ کرد عسکریت پسند گروپ سے تعلق کے الزام کے شبے میں گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔