اسد عمر،علیمہ خان ،عظمیٰ خان کی عبوری ضمانت میں16اکتوبرتک توسیع

Oct 04, 2023 | 12:38

لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے جناح ہائوس جلا ئوگھیرائو کیس میں سابق وفاقی وزیر اسد عمر، چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمی خان کی عبوری ضمانت میں 16 اکتوبر تک توسیع کر دی۔لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں جناح ہائوس جلائو گھیرا ئوکیس کی سماعت ہوئی۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان جناح ہائوس حملہ کیس میں قصور وار پائے گئے ہیں، جے آئی ٹی نے تینوں ملزمان کو گناہگار لکھا ہے، پولیس کو تفتیش کے لئے تینوں کی گرفتاری مطلوب ہے، علمیہ خان کی موقع پر موجودگی پائی گئی۔ملزمان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان مقدمے میں نامزد نہیں، بیان دکھائے جائیں جن کی روشنی میں ہمیں قصور وار قرار دیا گیا۔تفتیشی افسر نے کہا کہ ہم ان کو 161 کے تمام بیان دکھا دیتے ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان روسٹرم پر آکر کہا کہ ہمیں انصاف دیا جائے روزپیشی پرآتے ہیں، اگرجیل میں بھیجنے سے انصاف ہوتا ہے تو بھیج دیں۔وکیل برہان معظم نے چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن کو مزید گفتگو کرنے سے روکا جس پر ان کا کہنا تھا کہ ہم کیا مانگ رہے ہیں انصاف ہی مانگ رہے ہیں۔عدالت نے کارروائی کچھ دیر تک ملتوی کردی۔بعد ازاں سماعت کے دوبارہ آغاز پر عدالت نے وکلا کو حتمی دلائل کے لیے طلب کرتے ہوئے ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں16اکتوبر تک توسیع کردی ۔

مزیدخبریں