سعودی وزیرخارجہ سے ملاقات اسلامی ممالک اختلافات بھلاکر ہم آہنگی بھائی چارے کا سلوک کریں : ایرانی صدر

دوحہ (نوائے وقت رپورٹ) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے دوحہ میں سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔ عرب میڈیا کے مطابق ملاقات میں ایرانی صدر نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے خوہاں ہیں۔ اسلامی ممالک  اختلافات بھلا کر ہم آہنگی  اور بھائی چارے کا سلوک کریں۔ اسرائیلی حکومت کے جرائم بے نقاب کرنے میں سعودی عرب کا کردار قابل تعریف ہے۔ سعودی وزیر فیصل بن فرحان نے ایرانی صدر کو سعودی ولی عہد کا نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ سعودی عرب  ایران سے تعلقات کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔ ایران سے اختلافات کا باب ہمیشہ کیلئے بند کرنا چاہتے ہیں۔ ایران سے دوستانہ ماحول میں مسائل کے حل اور تعلقات بڑھانے کیلئے کوشاں ہے۔ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران خطے میں امن اور استحکام چاہتا ہے۔ ایرانی صدر نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران جنگ اور خون ریزی کا خواہاں نہیں، اگر اسرائیل نے جوابی کارروائی کی کوشش کی تو ایران کا جواب زیادہ سخت اور طاقتور ہوگا۔ مسعود پزشکیان نے کہا کہ اسرائیل نے ایران کے معزز مہمان کو شہید کرکے کشیدگی کا آغاز کیا، اسرائیل خطے میں کشیدگی کا دائرہ وسیع کرنا چاہتا ہے۔ یورپی ممالک اور امریکا اسرائیل کے بڑھتے جرائم کو رکوائیں۔ دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیل پر ایرانی میزائل حملوں کے جواب میں ایران کی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملوں کی حمایت سے انکار کردیا۔

ای پیپر دی نیشن