اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان میں آئی ایم ایف مشن چیف ناتھن پورٹر نے کہا ہے کہ پاکستان ایمانداری سے معاشی تجاویز پر عمل کرے تو یہ اس کا آخری پروگرام ہو سکتا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ناتھن پورٹر نے کہا کہ 2023 ء کے وسط میں پاکستان کی معیشت نے جو اتار چڑھا اور بے یقینی دیکھی تھی اس کے بعد ملک میں معاشی استحکام آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے معیشت کو آگے بڑھانے کے لیے ایک اچھی بنیاد مل سکتی ہے اور اگر پاکستان ایمانداری سے معاشی تجاویز پر عمل کرے تو یہ اس کا آخری پروگرام ہو سکتا ہے۔قرض کی سخت شرائط کے سوال پر آئی ایم ایف مشن چیف کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کے درپیش مخصوص مسائل کو مدنظر رکھا جاتا ہے اور ان کے حل بتائے جاتے ہیں، پاکستان کا موجودہ پروگرام بھی مختلف نہیں اور نہ ہی یہ زیادہ سخت ہے۔ ناتھن پورٹر نے اسپیشل اکنامک زونز کو خصوصی رعایتیں دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کاروباری اداروں کے لیے مراعات کو معاشی اہداف کے لیے حصول میں مدد گار تصور نہیں کرتا۔
پاکستان معاشی تجاویز پر عمل کرے تو یہ آخری پروگرام ہوسکتا ہے آئی ایم ایف
Oct 04, 2024