آج ہر صورت احتجاج ہوگا عمرایوب ڈی چوک پہنچیں گے چاہے کئی دن سڑکوں پر بیٹھنا پڑے : گنڈاپور 

Oct 04, 2024

اسلام آباد+ سرگودھا + پشاور (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ آج (جمعہ کو) ہر صورت ڈی چو ک پہنچیں گے چاہے کئی دن سڑکوں پر بیٹھنا پڑے۔ آج4  اکتوبر کو بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ڈی چوک کے مقام پر احتجاج کی کال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام آئین کے تحفظ، قانون کی پاسداری کے لیے خوف کے بت توڑ کر نکلیں گے، حقیقی آزادی کے لیے ہم جنگ لڑ رہے ہیں اور یہ اپنا حق واپس ملنے تک لڑتے رہیں گے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور فارم 47  کی پنجاب حکومت جتنا بھی تشدد کرے ہم نے اپنا آئینی حق لینا ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ پرائیویٹ گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ غیر قانونی اقدام ہے، پرائیویٹ گاڑی مالکان موٹروے پر اپنی گاڑیاں نہ لائیں، نقصان کے ذمہ دار ہم نہیں ہوں گے۔ علی امین گنڈا پور نے گزشتہ ریلی میں پنجاب میں داخلے میں ناکامی پر نئی حکمت عملی تیار کر لی اور ڈی چوک اسلام آباد پر ہیوی مشینری لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہیوی مشینری صوابی پہنچا دی گئی۔ کھانے پینے کی اشیاء کے ٹرک بھی صوابی پہنچیں گے۔ شیلنگ سے بچنے کے لئے ماسک اور نمک بھی پہنچے گا۔ علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ جتنے دن بھی سڑک پر رہنا پڑا رہیں گے، واپسی کا کوئی تصور بھی نہ کیا جائے، ڈی چوک پہنچیں گے یہ فائنل راؤنڈ ہے۔ پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا اسلام آباد میں آج ہر حال میں احتجاج ہوگا، یہ ہمارا آئینی حق ہے، احتجاج کی حکمت عملی ترتیب دیدی گئی ہے ،حکومت کیخلاف احتجاجی تحریک پورے ملک میں زورو شور سے جاری ہے ، یہ حکومت لندن پلان کے تحت چل رہی ہے، اپنی کرپشن چھپانے کے لئے آئین میں ترمیم چاہتے ہیں، ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہمارے کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔ گزشتہ روز کے احتجاج میں ہمارے لوگوں پر تشدد اور فائرنگ کی گئی۔ پرامن مظاہرین پر لاٹھی چار ج اور آنسو گیس کے شیل پھینکے گئے۔ حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں ۔ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس تیزی سے گر رہے وہ جلد لندن بھاگ جائیں گے۔ جبکہ مشیر اطلاعات خیبرپی کے بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا جعلی حکومت کچھ بھی کر لے ہم آج جمعہ کو ڈی چوک پہنچیں گے ، مینڈیٹ چور حکومت کو زمین بوس کرنے کا فیصلہ کن رانڈ شروع ہو چکا ہے۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ حواس باختہ جعلی حکومت نے ڈی چوک کنٹینر پہنچانا شروع کر دیئے ہیں، جعلی حکومت کچھ بھی کر لے ہم نے ڈی چوک پہنچنا ہے، علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں خیبر پی کے کا قافلہ ڈی چوک پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت پولیس گردی کی حماقت نہ کرے، پچھلی بار وزیراعلیٰ خیبرپی کے نے بڑے دل کا مظاہرہ کیا، علی امین گنڈاپور نے پی ٹی آئی کارکنوں کے ہاتھوں یرغمال پنجاب پولیس کو چھڑایا، اس بار پولیس گردی کی غلطی کی تو ذمہ دار خود ہوں گے۔

مزیدخبریں