لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اورانگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں 7اکتوبر سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے پاکستانی کرکٹ ٹیم نے مسلسل دوسرے روز پریکٹس کی۔جمعرات کی صبح دس بجے قومی کھلاڑیوں نے ٹریننگ کاآغازکیا۔ سہ پہر کی ٹریننگ میں کھلاڑیوں کو گرمی نے جھلسادیاتھالیکن صبح دس بجے بھی شدید گرمی اورحبس تھا جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کو باربار وقفہ لیناپڑا۔پاکستانی ٹیم نے دن کاآغاز سٹیڈیم کے تین چکر لگاکرکیا۔دوسرے چکرمیں ہی قومی کھلاڑیوں کی حالت غیرہونے لگی جس کے بعد وقفہ کرلیاگیا۔وقفہ کے بعد کھلاڑیوں نے بیٹنگ پریکٹس کی فیلڈ میں صرف ایک بیٹر اورایک بائولرتھا،کوچز بھی میدان میں نہیں آئے جبکہ باقی تمام کھلاڑی انضمام الحق انکلیوژرکے سامنے چھائوں میں کھڑے رہے۔پریکٹس کرنے والے کھلاڑیوں میں بابراعظم،شاہین آفریدی ،محمد رضوان اوردیگرکھلاڑی شامل تھے۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی ملتان میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل گرمی سے بے حال ہوگئے۔برطانوی کھلاڑیوں کوٹیسٹ میچ کے دوران کم سے کم 26سینٹی گریڈ اورزیادہ سے زیادہ 39سے 40سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں کھیلناپڑے گا۔برطانوی کھلاڑی ٹھنڈے علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں جہاں گزشتہ پانچ ماہ سے سرد موسم تھا اوردرجہ حرارت انتہائی کم تھا۔ ملتان میں آنے والے انگلش کرکٹرز گرمی کی وجہ سے پریشانی کے عالم میں ہیں۔ٹیم کے ساتھ فرائض سر انجام دینے والے پی سی بی اہلکارنے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پربتایاکہ کھلاڑیوں کاکہناہے کہ ہم نے اورہمارے کوچز نے پاکستان روانگی سے پہلے انگلینڈ میں ہی اس شیڈول پرتنقید کی تھی ،اس موسم میں دن بھر چلچلاتی دھوپ میں گرائونڈ میں رہنا ہمارے لیے انتہائی پریشان کن ہے۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے، جس کا پہلا میچ 7سے 11اکتوبر تک ملتان میں ہوگا،دوسرا ٹیسٹ 15سے 19اکتوبر تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ آخری میچ راولپنڈی 24سے 28اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔