لاہور(نیوز رپورٹر)جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب سید حسن مرتضیٰ نے کہا بلاول اپنی والدہ کے نامکمل ایجنڈہ کو مکمل کر رہے ہیں۔پارلیمنٹ کی بالادستی بینظیر شہید کا اصل مشن تھا۔ پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کے بیان پر انہوں نے کہا محترمہ کے خون سے غداری کرنیوالا ڈبہ پیر تو آمریت کا پیروکار ہے۔ اپنے دورِ حکومت میں آئین کیساتھ کھلواڑ کرنیوالے آج آئین کے خیر خواہ کیسے ہوگئے؟۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کے نانا نے متفقہ آئین دیا۔ بلاول کے بابا نے متفقہ آئین کو اسکی اصل صورت میں بحال کیا۔ بلاول بھٹو متفقہ آئینی ترمیم کیلئے تگ و دو کر رہے ہیں۔ شاہ محمود قریشی کے پیٹ میں درد کا سبب ججوں کی سیاست میں سہولت کاری ختم ہونا ہے۔ آئینی عدالت کے قیام کے مخالفین پاکستان میں مضبوط جمہوریت نہیں چاہتے۔حسن مرتضیٰ نے کہا شاہ محمود قریشی کی سزا اْن کے اپنے کرموں کا پھل ہے۔ بلاول بھٹو زرداری آئین اور پارلیمان کی بالادستی کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔بلاول بھٹو کی محنت متفقہ آئینی ترمیم کی صورت میں جلد رنگ لائے گی۔