لاہور(نیوز رپورٹر) سی ای او عمران امین کی قیادت میں راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) نے عوامی شکایات کے ازالے کیلئے ایک خصوصی کاؤنٹر قائم کر دیا ہے جو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق عوامی مسائل کے حل کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔ فوری طور پر نافذ العمل ہدایات کے مطابق روڈا کے افسران روزانہ صبح 00:10 بجے سے 30:11 بجے تک عوامی شکایات سننے اور ان کے حل کے پابند ہوں گے تاکہ عوامی مسائل کو فوری طور پر سنا اور حل کیا جا سکے۔ سی ای او عمران امین نے اس بات کو یقینی بنانے کیلئے تحریری ہدایات جاری کی ہیں کہ ان احکامات پر سختی سے عمل کیا جائے۔ ’’عوامی شکایات کا ازالہ روڈا کی اولین ترجیح ہے اور ہم وزیر اعلیٰ کے وژن کے مطابق بہتر عوامی خدمت کیلئے پرعزم ہیں۔‘‘ عمران امین نے کہا نئی تشکیل دی گئی کمیٹی جو محکمہ حصول اراضی اور سٹیٹ انتظامیہ کے تحت کام کر رہی ہے، روزانہ کی سرگرمیوں کی رپورٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو پیش کرے گی۔ اس عمل کی مؤثر نگرانی اور جوابدہی کیلئے ہفتہ وار پیش رفت رپورٹ سی ای او سیکرٹریٹ کو فراہم کی جائے گی۔ عوام اپنی شکایات اور مسائل کو روڈا کے ون ونڈو آپریشن، 152 علی بلاک، گارڈن ٹاؤن، لاہور میں جمع کروا سکتے ہیں، جہاں تیز اور مؤثر حل کی یقین دہانی کرائی جاتی ہے۔
وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر روڈا کا عوامی شکایات کے ازالے کیلئے کاؤنٹر کا قیام
Oct 04, 2024